بلوچستان کا ترقیاتی منصوبوں کیلیے ایشیائی بینک اور جاپان سے معاہدہ

44

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت) حکومت بلوچستان اور ایشائی ترقیاتی بینک کے مابین بلوچستان واٹر ریسورسز ڈیولپمنٹ سیکٹر پروجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، صوبائی وزرا نوابزادہ طارق خان مگسی،میر ظہور احمد بلیدی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ریاؤ ہانگ یانگ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات سجاد احمد بھٹہ نے معاہدے پر دستخط کیے۔ ایشائی ترقیاتی بینک آسان شرائط پر 100 ملین ڈالر قرضہ اور حکومت جاپان 5 ملین ڈالر امداد فراہم کرے گی،حکومت بلوچستان نے بھی 4 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ منصوبہ 5 برس میں مکمل ہوگا، منصوبے کے ژوب اورقلات ڈویزن سے گزرنے والے 2 دریاؤں کا پانی استعمال میں لایا جائیگا۔ ژوب میں 210فٹ کی اونچائی کے حامل سرہ توئی ڈیم کی تعمیر اور دیگر آبی منصوبوں کی بحالی، قلات میں منصوبوں کی بحالی شامل ہے ۔50 ہزار ایکڑ اراضی کو زیرکاشت لانا ، 11 ہزار ایکٹر رقبے پر شجر کاری اور تحفظ منصوبے کا حصہ ہے، جاپان کی معاونت سے دریائے ژوب اور دریائے مولہ پر ٹیلی میٹرز کی تنصیب اور محکمہ آبپاشی، زراعت، جنگلات، حیوانات اور ماحولیات کے اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔ ضلع خضداراور ضلع ژوب میں 2 فروٹ پروسیسنگ پلانٹس اور 22 عدد زیتون پراسیسنگ پلانٹس کا قیام شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ڑاؤ ہانگ یانگ سے ملاقات میں بلوچستان کے مسائل اور ان ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔