موروثی سیاست کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے،زبیر گوندل

36

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ پاکستان کے مرکزی صدر زبیراحمدگوندل نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی یوتھ کابنیادی مقصدہرنوجوان کو ظالم کے خلاف کلمہ حق بلندکرنے کی صلاحیت اورقوت سے مالامال کرناہے،پاکستان بھرکے ضلعی عہدیداران 100نوجوانوں پر مشتمل یوتھ ڈسٹرکٹ اسمبلی کی تشکیل کو فی الفوریقینی بنائیں ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز مری میں ہونے والی مرکزی کونسل کے اجلاس کے بعدفیصل آبادکے ضلعی عہدیدارن ضلعی صدر راناعدنان خاں،جنرل سیکرٹری چودھری عمر فاروق ، نائب صدر فاروق احمدجٹ سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہاکہ ہم نوجوانوں کے ذریعے انقلاب لانا چاہتے ہیں،موروثی سیاست کے خاتمے، کرپشن سے پاک پاکستان،عرصہ دراز سے اقتدار پر قابض کرپٹ ٹولے کے خاتمے کیلیے ہر نوجوان کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، جماعت اسلامی کے نوجوان ظلم، جبر، کرپشن اور کرپٹ مافیاکے خلاف اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، موروثی سیاست کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، آج اگر ملک میں کرپشن، بددیانتی اور مایوسی کے سائے ہیں تو یہ انہی کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ہے،ہم ان لوگوں کو اقتدار کے ایوان سے اٹھا کر جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں اور نوجوانوں کو اقتدار کے ایوانوں میں دیکھنا چاہتے ہیں جب تک شاہین صفت اور باکردار نوجوان پاکستان کی باگ ڈور نہیں سنبھالتے، پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات لاحق رہیں گے ۔جماعت اسلامی یوتھ کو قیادت کے منصب پر لے کر آنا چاہتی ہے۔ نوجوان پاکستان کی آبادی کا 60 فیصدہیں۔ ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔نوجوانوں کی سرپرستی اور ان کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع میسر کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے وژن اور مرکزی مجلس شوریٰ کے فیصلے کے مطابق جماعت اسلامی پورے ملک میں نوجوانوں کو جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم پر اکٹھا کر رہی ہے انہوں نے کہاکہ منشیات کی لت نے ہمارے باصلاحیت نوجوانوں اور معاشرے میں جو بگاڑ پیدا کیے ہیں ایک لمحہ فکریہ ہے،جے آئی یوتھ ملک بھر میں تفریحی سرگرمیوں،کھیل کے میدانوں کو آباد کرنے کے ساتھ ساتھ منشیات کے خاتمے کیلیے بھی جہادکررہی ہے۔