حکومتی کارکردگی مایوس کن،ٹیکسوں کا بوجھ لاداجار ہا ہے،امیرالعظیم

65

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کو کرپشن کے خلاف اقدامات ضرور کرنے چاہییں لیکن اس کے ساتھ ساتھ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے بھی آگے بڑھنا ہوگا۔ حکومت کی گزشتہ پانچ ماہ کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔ غریب عوام پر نئے ٹیکسوں کا بوجھ لادا جارہا ہے۔ مہنگائی میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ بجلی ، گیس کی قیمتوں کے بڑھنے سے عوامی مشکلات دن پردن بڑھتی جارہی ہیں۔ تحریک انصاف کی وفاقی اور پنجاب حکومت سے جو عوامی توقعات تھیں وہ ابھی تک پوری نہیں ہوسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزلاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان مہم آج ملک بھر کے عوام کی دل کی آواز بن چکی ہے۔ پاناما کیس میں وزیر اعظم نواز شریف کو سزا اور نااہلی کے بعد اب جعلی اکاؤنٹس کیس کو بھی منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے۔ احتساب کے عمل کو ادھورا نہیں چھوڑنا چاہیے۔ اگر اب بھی کرپٹ عناصر کا بلا تفریق احتساب نہ کیا گیا تو پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ کبھی نہیں ہوسکے گا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری مہم کے اگلے مرحلے میں 18جنوری سے 17فروری تک ملتان، راولپنڈی ، لاہور، لاڑکانہ ، بہاولپور ، کراچی اور کوئٹہ میں بڑے پروگرامات منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے۔ احتساب کے نام پر کسی ایک پارٹی کے ساتھ انتقامی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔ تحریک انصاف کے بعض حکومتی وزرا پرکرپشن کے الزامات ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان کے خلاف نیب نے ریفرنس بھی تیارکیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ پرویز خٹک کا نام بھی مالم جبہ کرپشن اسکینڈل میں لیا جارہا ہے۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ تحریک انصاف کو اپنے وزرا کو بچانے کے بجائے انہیں بھی نیب کی چھلنی سے گزارنا چاہیے۔ بصورت دیگر سارا احتسابی عمل قوم کے ساتھ ایک سنگین مذاق کے مترادف ہوگا۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) کو میڈیا پر بیان بازی کے بجائے عدالتوں میں مقدمات کا سامناکرنا چاہیے۔