گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے

32

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی117کے امیرعمران رشید،جنرل سیکرٹری رانامحمداقرارنے کہاہے کہ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے۔ سر دی میں اضافے کے ساتھ جہاں ایک طرف گیس بحران شدت اختیار کرتاجارہا ہے وہیں دوسری جانب بجلی کی لوڈشیڈنگ نے بھی دوبارہ سر اٹھانا شر وع کر دیا ہے۔موجودہ حکمران بھی ماضی کے حکمرانوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ توانائی بحران دن بدن سنگین ہوتا چلا جا رہا ہے، اس کے سد باب کے حوالے سے حکمرانوں کی جانب سے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی نہیں کی جارہی۔ ماضی میں حکومتیں توانائی کے کاغذی منصوبوں کاافتتاح کرتی رہی ہیں جس کے نتیجے میں عوام کودرپیش لوڈشیڈنگ کے مسئلہ میں کسی قسم کی کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔، آج بھی یہ مسئلہ جوں کا توں ہی کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ المیہ تو یہ ہے کہ موجودہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور غلط ترجیحات کی وجہ سے آئندہ بھی اس مسئلہ کا کوئی پائیدار حل نکلتا نظر نہیں آتا۔توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ کالاباغ ڈیم سمیت چھوٹے بڑے پانی کے ذخائر کوفوری تعمیر کیاجائے۔
اوستہ محمد قریب ٹرک اور کار میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق
اوستہ محمد(آئی این پی)اوستہ محمد کے قریب علاقے موج واہ کے مقام پر،کار اور ٹرک میں آمنے سامنے خوفناک تصادم جس کے نتیجے میں سابق مل اونر حاجی منوخان برڑو کے جوان سال بیٹے الظاف حسین برڑو موقع پر جاں بحق ہو گئے،الطاف حسین اپنے کسی کام کے سلسلے میں ڈیرہ اللہ یار جارہے تھے کہ سامنے سے آنے والی ٹرک کے درمیان تصادم ہوگیا،اوستہ محمد سٹی پولیس نے لاش کو ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا اور کاروائی کرتے یوئے ٹرک ڈرائیور طیب خان بگٹی کو گرفتار کرلیا، مزید کاروائی سٹی پولیس کررہی ہیں۔