عدالت عظمیٰ بسنت منانے پر پابندی عائد کرے ،عمران رشید

39

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 117کے امیرعمران رشیداوردیگرعہدیداران نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے بسنت منانے اور پتنگ بازی کی دوبارہ اجازت دینے کے فیصلے کے بعدسے اب تک ہونے والی ہلاکتوں کے مقدمات عمران خاں، عثمان بزداراورفیاض چوہان پر درج کروائے جائیں۔انہوں نے صوبائی وزیرقانون راجا بشارت کے اس بیان پرکہ صوبے میں پتنگ بازی کی کوئی اجازت نہیں لیکن صوبے میں اس وقت کئی قوانین ایسے ہیں جن پرعملدرآمد نہیں ہورہاہے‘‘حکومت کی ناکامی اورنااہلی کا واضع ثبوت ہے۔پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اگرقوانین پرعملدرآمد نہیں کرواسکتی توایسے حکومت کرنے کاکوئی اختیارنہیں۔انہوں نے کہاکہ سیکڑوں معصوم بچوں کی جان لینے والی قاتل بسنت کی اجازت پنجاب حکومت نے اپنی نااہلی پر مہر تصدیق ثبت کردی تھی۔ عدالت عالیہ کی طرف سے لگائی گئی پابندی کو اس طرح چند لوگوں کے ہلے گلے کے لیے ہوا میں اڑا دینا حکمرانوں کی ذہنی پستی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب اگر کوئی شہری قاتل ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوتاہے تو اس کے ورثا اس کے قتل کا پرچہ عمران خان،عثمان بزدار اورفیاض چوہان پر درج کرائیں گے۔ انہوں نے عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس اور لاہور ہائیکورٹ سے اپیل کی کہ جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لیے بسنت منانے پر پابندی عاید کی جائے۔