کوئٹہ :چیئر مین امن کونسل باز محمد کی ٹارگٹ کلنگ ،4 افرادزخمی

56

کوئٹہ( نمائندہ جسارت )بلوچستان کے ضلع لورالائی میں ٹارگٹ کلنگ، امن کونسل لورالائی کے چیئرمین اور ایدھی سینٹر کے انچارج باز محمد عادل جاں بحق، 4افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ لورالائی میں 2 ہفتوں کے دوران یہ تیسرا دہشت گر د حملہ ہے۔پولیس کے مطابق حملے کے وقت باز محمد عادل ساتھیوں کے ساتھ دہشت گردی کے واقعات کیخلاف لوگوں کو احتجاج کی دعوت دے رہے تھے ، جیسے ہی مہاجر اڈے کے قریب پہنچے دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، باز محمد عادل موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان
کے بھتیجے اور ایک ساتھی سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔3 زخمیوں کو سول اسپتال لورالائی اور ایک زخمی کو سی ایم ایچ منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں خیال محمد ، علاوالدین ، علی خان اور عطا محمدشامل ہیں۔رواں برس کے پہلے دن دہشت گردوں نے حملہ کرکے 4 سیکورٹی اہلکاروں کو شہید کردیا تھا،11جنوری کو دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ لورالائی کے ضلعی پولیس سربراہ برکت حسین کھوسہ کے مطابق آج کا واقعہ بھی دہشت گردی کے ان واقعات کا تسلسل لگتا ہے۔ حملہ آورموٹرسائیکل سوار تھے ، انہوں نے واردات میں نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا۔ واضح رہے کہ سابقہ دونوں واقعات کی ذمے داری کالعدم دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔