حکومت ریلوے ملازمین کا حق تسلیم کرے ،شیخ محمد انور

66

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان ریلوے پریم یونین کے مرکزی رہنماؤں شیخ محمد انور اورخالد محمودچودھری نے ریلوے اسٹیشن پر مقامی رہنما ظہیر الدین بابر سے ملاقات کی اور ان سے ان کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔اس موقع پرملک بشیر ، باؤطاہر اور دیگر مقامی راہنما بھی موجود تھے۔شیخ محمد انور نے ظہیرالدین بابرکو مرکزی صدر حافظ سلمان بٹ کی طرف سے بھی تعزیتی پیغام پہنچایا۔اس موقع پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ محمد انور نے کہا کہ ریلوے ملازمین نے دن رات ایک کرکے پہلے تین ماہ میں دس نئی ٹرینوں کا اجرا کروا کے حکومت کے ہاتھ مضبوط کیے، ملازمین کو توقع تھی نومنتخب حکومت پنے انتخابی وعدوں کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرے گی، ریلوے کے لاکھوں ملازمین کو ذہنی اذیت سے دو چار نہ کیا جا ئے ۔وہ ملازمین جنہوں نے اپنی زندگیاں ریلوے کی ترقی اور بہبو د میں گزار دیں آج در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں مگر کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے مزدوروں نے شب و روز محنت کرکے ریلوے کے ناکارہ انجنوں کو دوبارہ ٹریک پر رواں دواں کردیا ہے، ریل کی ٹائمنگ بہتر ہوئی۔ ریلوے میں مال گاڑیاں، کنٹینر اسپیشل اور آئل کی ٹرینیں ریلوے ٹریک پر نظر آنا شروع ہوگئیں۔ اب حکومت بھی مزدور دوستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریلوے ملازمین کا حق تسلیم کرے ۔ دن رات اپنے وطن کی خدمت پرمامور ملازمین کے مطالبات تسلیم نہ کرنا ان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد،پارلیمانی سیکرٹری میاں فرخ حبیب سے مطالبہ کیا کہ ریلوے میں سیاسی بنیادوں پر بھرتی کے بجائے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کا کوٹہ مقرر کیا جائے۔ گزشتہ کئی برسوں سے تعمیراتی فنڈز کے نام پر تنخواہوں سے پانچ فیصد ناجائز کٹوتی کی جا رہی ہے،اس کو فوری طور پر ختم کیا جائے ۔ دورانِ ملازمت وفات پانے والے ملازمین کا جس پیکیج کا وفاقی حکومت نے اعلان کیا تھا فوری طور پر اس پر عمل درآمد کروایا جائے۔ ٹرین آپریشن سے منسلک تمام کیٹگریوں کوآپریشنل الاؤنس دیا جائے،گینگ مین ، ٹرالی آپریٹر،کی مین ۔ گیٹ کیپر،میٹ سمیت گریڈ فور کے تمام ملازمین کو اپ گریڈ کیا جائے، ٹی اے ،جی پی ایف اورگرایجوٹی کی فی الفورادائیگی کی جائے،پانچ فیصدکٹوتی بندکی جائے، ریلوئے ملازمین کے یتیم بچوں کوکنٹریکٹ کے بجائے مستقل بنیادوں پربھرتی کیا جائے ۔ ٹی ایل اے ملازمین کو فوری طور پر مستقل کیا جائے۔