عدالتی حکم نظر انداز ، نجی اسکولوں میں دو ماہ کی فیسوں کی یکمشت وصولی جاری

53

 

راولپنڈی (اے پی پی) نجی اسکولوں کی جانب سے دو ماہ کی فیسوں کی یکمشت وصولی روکنے اور 5 ہزار سے زائد فیسوں میں 20 فیصد کمی کے احکامات پر عمل در آمد نہ ہوسکا، گرمیوں کی تعطیلات کی وصول شدہ فیسیں بھی واپس نہیں مل سکیں۔ اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق عدالت عظمیٰ نے نجی اسکولوں کو ماہانہ فیسوں میں 20 فیصد کمی کرنے اور گرمیوں کی چھٹیوں کی فیسیں والدین کو واپس کرنے کے احکامات دیے تھے۔ تاہم ان احکامات پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ متعدد نجی اسکولوں کی جانب سے دو دو ماہ کی فیسوں کی یکمشت وصولی کا عمل بھی جاری ہے جبکہ عدالت عظمیٰ نے اس ضمن میں موسم گرما کی تعطیلات کی وصول شدہ فیسیں والدین کو واپس کرنے کے احکامات دے رکھے ہیں۔ روٹس گارڈن اسکول ہارلے اسٹریٹ میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کے والدین نے بتایاکہ اسکول انتظامیہ نے عدالت عظمیٰ کے احکامات کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے والدین سے دو دو ماہ کی فیسیں یکمشت وصولی کا سلسلہ تاحال بند نہیں کیا اور نہ ہی طلبہ کے والدین کو گرمیوں کی تعطیلات کی وصول کر دہ فیس واپس کی گئی ہے۔ دوسری جانب اسکول انتظامیہ نے عدالت عظمیٰ کے برخلاف ماہانہ فیس میں 20 فی صد کمی کے بجائے ایک بار پھر والدین کو جنوری اور فروری دو ماہ کی ایڈوانس فیس 36,182 روپے کے بل بھجوا کر فوری ادائیگی کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔ اسی طرح دار ارقم اسکول کی انتظامیہ نے بھی والدین سے دو ماہ کی یکمشت فیسوں کی وصولی کا عمل جاری رکھا ہوا ہے، تاہم انتظامی سطح پر کوئی بھی ادارہ باز پرس نہیں کررہا۔ نجی اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کے والدین نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ والدین کو نجی اسکولوں کی چیرہ دستیوں سے بچایا جائے، بصورت دیگر نجی اسکولوں میں زیرتعلیم طلبہ کے والدین راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کی نااہلی کیخلاف عدالت عظمیٰ سے رجوع کریں گے۔