نئی دہلی ،فوجی پریڈ کی ریہر سل میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگ گئے

241

نئی دہلی( صباح نیوز،آن لائن) مقبوضہ کشمیراورپنجاب کے بعد بھارتی دارالحکومت میں بھی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگنا شروع ہوگئے ہیں۔بھارت میں بڑھتے ہندو جنونیت اور جنگی اشتعال انگیزی کے باعث جہاں مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک پھل پھول رہی ہے وہیں اب بھارت کے اپنے علاقوں میں پاکستان کے حق میں نعرے لگائے جارہے ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ بھارتی دارالحکومت میں بھی پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون نے فوجی پریڈ کی ریہرسل کے دوران سینکڑوں فوجیوں کی موجودگی میں پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی۔بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کے انڈیا گیٹ پرسینکڑوں فوجی جوان اوربڑی تعداد میں عسکری افسران پریڈ کے لیے ریہرسل کررہے تھے کہ ایک خاتون نے پاکستان کے حق میں نعرے بازی شروع کردی۔ اس موقع پرخاتون نے وہاں موجود اہلکاروں کو دھکے بھی دیے۔ خاتون کوفوری طورپرگرفتارکرلیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر پولیس مدھرورما کا کہنا ہے کہ خاتون کی شناخت کرلی گئی ہے، اس کا پاکستان سے کسی بھی قسم کا کوئی تعلق یا رابطہ ثابت نہیں ہوسکا۔ اس کا تعلق ریاست تلنگانہ کے علاقے نظام آباد سے ہے اور اسے 12 سال قبل طلاق ہوگئی تھی۔ اس کا سابق سسرال ممبئی میں مقیم ہے۔ خاتون چند روز قبل نظام آباد سے بذریعہ ٹرین ممبئی کے لیے نکلی تھی لیکن وہ وہاں پہنچی نہیں جس پر نظام آباد میں ہی اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ خاتون کے گھروالوں کا کہنا ہے کہ اس کی دماغی حالت ٹھیک نہیں۔ اس کی تصدیق پولیس کی جانب سے کرائے گئے طبی معائنے سے بھی ہوئی ہے۔ خاتون کو جلد ہی اس کے ورثا کے حوالے کردیا جائے گا۔علاوہ ازیں بھارتی فوج کے سابق جنرل مہندرپوری نے کارگل جنگ میں ناکامی کا اعتراف کر لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ کارگل کی جنگ بھارتی ملٹری انٹیلی جنس اور دوسرے خفیہ اداروں کی بہت بڑی ناکامی تھی۔بھارتی خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مہندر پوری نے بھوپال میں بھارتی اخبارکو انٹرویو دیا ہے جس میں انھوں نے کارگل میں بھارتی فوج کی ناکامیوں کا اعتراف کر لیا۔انھوں نے کہا کہ 1999 میں پاکستان کی طرف سے کارگل میں کارروائی بھارتی ملٹری انٹیلی جنس اور دوسرے خفیہ اداروں کی بہت بڑی ناکامی تھی۔ بھارتی جنرل کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے کارگل میں وسیع علاقے میں پیش قدمی کی تھی جس کا مقصد کشمیر کے مسئلہ کو عالمی طور پر اجاگر کرنا اور سری نگر سے لیہ جانے والی سڑک بلاک کرنا تھا تا کہ سیاچن کا زمینی رابطہ منقطع کیا جا سکے