وفد میں فیشن ڈیزائننگ،فروٹس،گارمنٹس،ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں سے وابستہ بزنس مین شامل ہیں
دورے میں ہم مختلف تجارتی تنظیموں کے نمائندوں اور امپورٹرز سے ملاقات کریں گے،وفد کی قائد شبنم ظفر کی گفتگو
کراچی:پاکستانی تاجروں کا ایک وفد فاؤنڈرپریذیڈنٹ خیرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری،معروف بزنس ویمن مس شبنم ظفر کی قیادت میں بدھ کی شب برطانیہ کے دورے پر روانہ ہوگیا۔وفد گلاسگو میں اسکاٹ لینڈ پاکستان فیشن ویک (SPFW2019)سیزن2میں بھی شرکت کرے گاوفد میں فیشن ڈیزائننگ،فروٹس،گارمنٹس،ٹیکسٹائل ، دیگر شعبوں سے وابستہ بزنس مین سمیت خیرپور چیمبر آف کامرس کے صدر نصیرآرائیں اورڈریس ڈیزائنر عذرا بانوبھی شامل ہیں۔ روانگی سے قبل وفد کی قائد شبنم ظفر نے بتایا کہ وفد برطانیہ میں مختلف تجارتی تنظیموں کے نمائندوں اور برطانوی امپورٹرز سے ملاقات کرے گا جس میں پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے سمیت دوطرفہ تجارتی معلومات اور وفود کے تبادلوں سمیت اور پاکستان سے ایکسپورٹس بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ وفد برمنگھم،لندن اور دیگر شہروں کا بھی دورہ کرے گا اور وہاں پاکستانی مصنوعات کی زیادہ سے زیادہ کھپت کا جائزہ لے گا جبکہ ہم برطانیہ کے دورے میں وہاں کے بڑے اسٹورز میں پاکستان میں تیار ہونے والی مصنوعات کی فروخت کے مواقعوں کا بھی جائزہ لیں گے۔