فارورڈ بلاک کے حکومتی اعلانات غیر جمہوری ہیں‘لیاقت بلوچ

55

لاہور(نمائندہ جسارت)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کسی ایک جگہ کسی پارٹی کا مینڈیٹ چرایا گیا تو سب کے مینڈیٹ پر ڈاکا پڑے گا ، فارورڈ بلاک بنانے کے لیے حکومتی طاقت کے اعلانات غیر جمہوری ہیں ،حکومتی وزرا خصوصاً وزیراعظم کا اسلوب حکمرانی اور پارلیمنٹ کو نظر انداز کرنے کا رویہ اپوزیشن کو متحد کرنے کا موقع دے رہاہے، حکومتی نااہلی و ناکامی کرپٹ مافیا کو مضبوط پناہ گاہیں مہیا کر رہی ہے ، سب کے احتساب کے لیے بلاامتیاز احتساب ناگزیر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ملک بھر سے آئے ہوئے وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ 5 فروری کو ملک بھر میں جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی اور بھارت کے مظالم کے خلاف اور عالمی برادری کو جھنجھوڑنے کے لیے تاریخ ساز عوامی مظاہرے ہوں گے۔ مرد و خواتین ، پیر و جوان ، طلبہ و طالبات سڑکوں پر نکل آئیں گے ۔ وزیراعظم عمران خان کشمیر پر پالیسی واضح کریں اور قومی کشمیر پالیسی کی تشکیل کے لیے پارلیمنٹ کو فعال بنایا جائے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان اور بھارت ایٹمی قوت کے حامل ملک ہیں ۔بھارت کی قیادت پالیسی سازی، ضد اور جھوٹی انا کی وجہ سے پورے خطے کو مسلسل بحران اور خطرات سے دوچار کر رہی ہے ۔ نریندر مودی ناکام حکمران ہیں فقط انتخابات جیتنے کے لیے مودی جیسے سیاستدانوں کو جنگی ماحول بھڑکانے سے اجتناب برتناہوگا ۔ ملت پاکستان بھارت کی ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے افواج پاکستان کی پشتی بان ہے۔