پاکستان اسٹیل کوفعال بنانے کے لیے بورڈ کمیٹی کی تجاویز

186

کراچی ترجمان پاکستان اسٹیل نے بتایا کہ پاکستان اسٹیل ملز(پی ایس ایم) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی بزنس ڈیویلپمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس16 اور 17 جنوری2019 ء کو آپریشنز بلڈنگ،بن قاسم کراچی میں منعقد ہوا جس میں پاکستان اسٹیل کو دوبارہ فعال بنانے کے لئے بورڈ کی بزنس کمیٹی نے مختلف تجاویز پیش کیں۔

اجلاس کی صدرات بزنس ڈیویلپمنٹ کمیٹی کے سربراہ جناب محمد رضی الدین نے کی۔یہ اجلاس حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان اسٹیل کو نجکاری کی فہرست سے نکالنے کے بعد پہلی دفعہ منعقد ہوا۔ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل کو دوبارہ فعال بنانے کے ممکنہ امکانات کا انتہائی گہرائی سے بغور جائزہ لیا ۔

ترجمان پاکستان اسٹیل نے مزید کہا کہ کمیٹی نے موجودہ حکومت کے سیاسی ویژن کی روشنی میں پاکستان اسٹیل ملز کو دوبارہ فعال بنانے اورحکومتی اقدامات کی تعریف کی۔ پاکستان اسٹیل ملک کا واحد فولاد ساز ادارہ ہے جس کی قومی دفاعی اہمیت ہے اس کی دوبارہ بحالی سے پاکستان میں بڑی صنعتوں کے فروغ میں نمایاں بہتری آئی گی، شرع نمو میں ترقی کے علاوہ ذیلی انجینئرنگ صنعتوں کو بھی فروغ ملے گا۔

ترجمان پاکستان اسٹیل نے بتایاکہ بورڈ کی بزنس کمیٹی نے پاکستان اسٹیل کو دوبارہ بحال کرنے کے لئے کم از کم لاگت اور زیادہ سے زیادہ افرادی قوت کو بھرپور طریقے سے استعمال کرنے پر زور دیا۔کمیٹی نے اس بات کا جائزہ لیا کہ جون 2015 ء سے پاکستان اسٹیل کی اچانک گیس کی بندش نے بلاسٹ فرنس کو شدید نقصان پہنچایا ۔ انہوں نے انداز لگایا کہ دونوں بلاسٹ فرنس کو تبدیل کرنے کے علاوہ دیگر پلانٹ کی ضروری مرمت و دیکھ بھال کرنے اور انتہائی ضروری پرزہ جات کی تبدیلی سے اسے دوبارہ فعال کیا جاسکتا ہے۔

کمیٹی نے ادارے کے ہریونٹ اور پلانٹ کی حالت پر تفصیلی غور کیا اور اس کو 10 لاکھ ٹن سالانہ پیداواری گنجائش پر فولاد کی پیداوار بحال کرنے اورپھر 30 لاکھ ٹن سالانہ توسیع تک لیجانے کے لئے جائزہ لیا گیا جو کہ ملکی اسٹیل مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پیش نظر رکھ کر کیا گیا۔ پاکستان اسٹیل کے پلانٹ کی10 لاکھ ٹن سالانہ پیداواری صلاحیت بحال کرنے کے لئے مختلف معاشی ضروریات کو حکومتِ پاکستان کی اقتصادی رابطہ کمیٹی( ای سی سی) میں پیش کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) اورچیف فنانشل آفیسر (سی ایف او)کی فوری طور تعیناتی کرنے پربات چیت کی اور کمیٹی نے مختلف پارٹیز کی جانب سے پاکستان اسٹیل کی بحالی کے لئے پیش کردہ آفر کا بھی جائزہ لیا۔