سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ذوالفقار مرزا کے پیچھے کون ہے اس کا علم نہیں تاہم سابق وزیرداخلہ سب کچھ ذاتی مفاد کے لیے کررہے ہیں۔
سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا کل تک جن کے ساتھ تھے آج انہیں گالیاں دے رہے ہیں وہ جس طرح کی بے ہودہ زبان استعمال کررہے ہیں اس پر انہیں شرمندگی ہونی چاہیے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ذوالفقار مرزا کی شوگر ملز کی نیلامی کا سندھ ہائیکورٹ نے حکم دیا تو کیا ان کی شوگر ملز پر قبضہ عدالت نے کرایا، ذوالفقار مرزا جو زبان استعمال کررہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی اور یہ سیاست نہیں بیہودگی ہے جب کہ ان کے اس رویے کے بعد دوستی لفظ مشکوک ہوگیا ہے۔