سانحہ ساہیوال کے ملزمان کو عبرت کا نشان بنایا جائے، ڈاکٹر طارق سلیم

50

 

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ پنجاب کو پولیس اسٹیٹ بنادیا گیا، ظلم کی انتہا ہوچکی، اب اس کا سدباب ناگزیر ہے، نئے پاکستان میں وفاقی وزیر اعظم سواتی کے ظلم کا حصہ نہ بننے پر آئی جی کوعہدے سے ہٹا دیا جاتا ہے لیکن دن دہاڑے نہتے شہریوں اورمعصوم بچوں پرفائرنگ اور قتل عام پر اعلیٰ عہدیداران، وزیراعلیٰ سمیت تمام حکمران اقتدارکی مسندوں پر برا جمان ہیں، حکمرانو ں نے انصاف نہ کیا تو اللہ انصاف کرے گا، قاتلوں کو برطرف نہیں کیا جاتا، پھانسی پر لٹکا کر عبرت کا نشان بنایا جاتا ہے۔ سابقہ حکمران ظلم کی پادا ش میں آج رسوا ہورہے ہیں لیکن موجودہ حکمران ان سے عبرت پکڑنے کے بجائے اقتدارکے نشے میں فرعون بنے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عظیم الشان رحمت اللعالمینﷺ کانفرنس اور کارکنان کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے صدر عالمی مجلس ختم نبوت پاکستان مفتی محمد امتیاز مروت، امرائے اضلاع سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ ہمیں اسلام کا حقیقی روشن چہرہ دنیا کو دکھانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ نبی مہربانﷺ ہمارے لیے مشعل راہ اور ان کی تعلیمات ہمارے لیے حرف آخر ہیں۔ مدینہ کی اسلامی ریاست میں مسلمان شہریوں ہی نہیں غیرمسلمو ں کے بھی حقوق تھے۔ مظلوم کوانصاف دینے میں کسی بڑے عہدے کی پرو انہ کی جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج نیا پاکستان بنانے والوں نے ہرکرپٹ کو اپنی چھتری کے نیچے جگہ دی، حکومتی اعلیٰ عہدوں پر براجمان وزیروں ومشیروں میں کوئی اہلیت ہے نہ عوامی مسائل حل کرنے کے لیے ان کے پاس کوئی روڈ میپ ہے۔