بلوچستان: دکی میں کان میں دھماکا‘ 6مزدور جاں بحق

105

کوئٹہ( نمائندہ جسارت )بلوچستان کے ضلع دکی میں کوئلہ کان میں حادثے میں 2 بھائیوں سمیت 6 کانکن جاں بحق اور 19بے ہوش ہوگئے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے 2کانکن بھی شامل ہیں ، جن کا تعلق افغانستان سے تھا، محکمہ معدنیات کی ٹیم حادثے کے 14 گھنٹے بعد موقع پر پہنچی ۔ دھماکا 1700 فٹ گہرائی میں گیس بھرجانے کے باعث ہوا‘ جس سے کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ کان کے اندر موجود ٹرالی کے بھی دو ٹکڑے ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی قریب کی کوئلہ کانوں میں کام کرنیوالے کانکنوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔ کانکن اپنے پھنسے ہوئے ساتھیوں کی مدد کیلیے کان میں نیچے اترے تو گیس کی شدت کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مقامی ایس ایچ او کے مطابق پھنسے ہوئے کانکنوں کو بچانے کے دوران جاں بحق ہونے والے دونوں مزدورں کاتعلق افغانستان سے تھا جن کی شناخت عبدالغنی ولد اسپین قوم شمولزئی اور محمد عمر ولد عبدالشکور قوم شمولزئی کے نام سے ہوئی‘ امدادی سرگرمیوں میں مصروف19دیگر کانکنوں بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔