حکومت معیشت کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ عون عباس

259

وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری بیت المال سے تعاون کرے گی۔ احمد حسن مغل

اسلام آباد

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل کی قیادت میں ایک وفد نے بیت المال کا دورہ کیا اور محکمہ کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بوپی سے ملاقات کی۔ وفد میں چیمبر کے سینئر نائب صدر رافعت فرید، نائب صدر افتخار انور سیٹھی، خالد چوہدری، چوہدری زاہد رفیق، سردار زاہد، وقار بختاوری ، چوہدری طاہر، عباس ہاشمی، چوہدری ناصر، محمد ظریف خان اور دیگر شامل تھے۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بوپی نے اپنے محکمہ کی کارکردگی اور خدمات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کیس حقائق پر مبنی ہو تو پاکستان بیت المال سے امداد حاصل کرنے میں کوئی مشکل درپیش نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت معیشت کو درپیش مسائل حل کرنے میں مصروف عمل ہے اور آئندہ غرباء و مستحقین کو تعلیم و علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے پر زیادہ توجہ دی جائے گی جبکہ ہسپتالوں میں سٹنٹ فری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اور معاشرے کے مخیر حضرات پاکستان بیت المال کے ساتھ بڑھ چڑھ کر تعاون کریں تا کہ یہ ادارہ ضرورت مندوں کو مزید بہتر خدمات فراہم کر سکے اور معاشرے سے غربت کو کم کرنے میں مثبت پیش رفت کر سکے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری پہلے کی طرح آئندہ بھی پاکستان بیت المال کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے پاکستان بیت المال کی غرباء و مستحقین کیلئے گراں قدر خدمات کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت اس ادارے کو مزید فعال بنائے گی تا کہ یہ ادارہ معاشرے کے ضرورت مندفراد کے مسائل حل کرنے میں موثر کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس کو چیمبر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔دونوں اداروں نے اس موقع پر معاشرے کے وسیع تر مفاد میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔