صوبائی وزیر قانون کے بیانات نے رپورٹ کو مشکوک بنادیا، امیر العظیم

59

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ ساہیوال آپریشن کو حکومت پنجاب کی طرف سے درست قرار دینا افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ صوبائی وزیر قانون راجا بشارت نے ایسے بیانات دے کر جے آئی ٹی کی رپورٹ کو مشکوک بنادیا ہے۔ ایک طرف ذیشان کو دہشت گرد قرار دیا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف پنجاب حکومت کی جانب سے سانحہ ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں شہید ہونے والے افراد کے لیے 2 کروڑ روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے مسلسل بدلتے ہوئے بیانات سے محسوس ہوتا ہے کہ سانحہ ساہیوال میں قانون نافذ کرنے والے ادارے، افسران اور اہلکاروں کی مجرمانہ غفلت کو چھپانے اور ملزمان کو بچانے کے لیے جھوٹا پراپیگنڈہ کرکے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس روز سانحہ ساہیوال ہوا تھا اسی روز حکومت پنجاب نے گاڑی میں موجود تمام افراد کو دہشت گرد قرار دیا تھا اور اب ذیشان کو دہشت گرد قرار دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں سانحہ ساہیوال جیسے افسوس ناک واقعات سے بچنے کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اصلاح اور تربیت ضروری ہے۔ بدقسمتی سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے لواحقین کو بھی آج تک انصاف نہیں مل سکا ہے۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی اپنی کارکردگی کو دیکھنا چاہیے۔ اداروں کو اپنا محاسبہ خود بھی کرنا چاہیے تاکہ عوام کو تحفظ اور انصاف مل سکے۔ سانحہ ساہیوال وفاقی اور پنجاب حکومت کے لیے ایک ٹیسٹ کیس ہے، اگر اس بار بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کی طرح غفلت برتی گئی اور ملزمان کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا تو ایسے واقعات آئندہ بھی پیش آتے رہیں گے۔
ٹنڈوالہٰیار، مختلف علاقوں میں خودکشی کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق
ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) ٹنڈوالٰہیار کے مختلف علاقوں میں خودکشی کے واقعات میں تین افراد جاں بحق تعلقہ چمبڑ کے علاقے گوٹھ مرید موری میں ایک بچے کی ماں نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔ مذکورہ گجو نامی خاتون نے گھریلو پریشانیوں کے سبب خودکشی کی۔ اطلاع ملنے پر چمبڑ پولیس نے جائے واقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال روانہ کیا جبکہ تعلقہ جھنڈو مری کے گوٹھ عالی شاہ کی رہائشی خاتون غلام زہرہ زوجہ نثار نے پر یشانیوں سے تنگ آکر خودکشی کر لی جبکہ ایک اور واقعے میں دھنگانہ بوزدار میں گیس سلنڈر پھٹنے کے سبب تیرہ سالہ بچہ چندو بھیل موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
شکارپور پریس کلب کی جانب سے خلیل موریانی کی 70 ویں سالگرہ منائی گئی
شکارپور (نمائندہ جسارت) پریس کلب شکارپور کی جانب سے معرو ف محقق اور ادیب خلیل موریانی کی 70 ویں سالگرہ منائی گئی، خلیل موریانی کے علاوہ ڈپٹی کمشنر شکارپورسید حسن رضا شاہ، پروفیسر ڈاکٹر انور فگار ہکڑو، ڈاکٹر عامر عباس سومرو، انور سومرو اور دیگر شریک ہوئے۔