سکھر، ٹرینوں کی تاخیر کے باعث مسافر اذیت سے دوچار

134

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے رہنما شفیق آرائیں نے مسافر ٹرینوں کے کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جانب سے ریل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے بلند و بانگ دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، ملک کے اہم ترین روہڑی ریلوے جنکشن پر مسافر گاڑیوں کے 6سے 8گھنٹے تاخیر کا شکار ہونا روز کا معمول بنا ہوا ہے، جس کے باعث مرد و خواتین و بچے اپنی مطلوبہ ٹرینوں کے انتظار میں کئی کئی گھنٹے اذیت کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ ٹرینوں میں تاخیر کی وجہ معلوم کرنے کے لیے اسٹیشن ماسٹر و دیگر عملے سے رابطہ کیا جائے تو درست معلومات کی فراہمی کے بجائے جلد ٹرین آنے کا کہہ کر ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں شہریوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دوست محمد جاگیرانی، اصغر علی بھٹی، نعیم مغل اور احسان بندھانی و دیگر بھی موجود تھے۔ استاد شفیق آرائیں و دیگر نے کہاکہ روہڑی ریلوے اسٹیشن ملک کا اہم ترین جنکشن ہے، جہاں سے کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر تمام شہروں کی سمت جانیوالی ٹرینیں گزرتی ہیں، ملک بھر کے مختلف چھوٹے و بڑے شہروں میں سفر کرنیوالے ہزاروں مسافر روزانہ روہڑی اسٹیشن سے اپنی مطلوبہ ٹرینوں میں سوار ہوتے ہیں مگر افسوس کیساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ ریلوے انتظامیہ کی عدم توجہی و لاپروائی کے سبب روہڑی ریلوے اسٹیشن پر مسافر ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہورہی ہیں، مختلف شہروں کو جانیوالی ٹرینیں 6سے 8گھنٹے تاخیر سے روہڑی اسٹیشن پر پہنچ رہی ہیں، جس کی وجہ سے مطلوبہ ٹرینوں میں سفر کرنیوالے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو فوری طور پر ہٹاکر کسی باصلاحیت وزیر کو ریلوے کی وزارت سونپی جائے تاکہ محکمہ ریلوے کو حقیقی معنوں میں جدید خطوط پر استوار کیا جاسکے۔