فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹا گرام کے میسنجرز کو باہم منسلک کیا جائیگا

245

سوشل میڈیا صارفین کیلئے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے اور وہ یہ کہ فیس بک نے انسٹاگرام، واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر سروسز کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق فیس بک کے بانی مارک زکربرگ اس منصوبے میں ذاتی طور پر دلچسپی لے رہے ہیں اور فی الحال یہ منصوبہ ابتدائی مراحل میں ہے۔ تکمیل کے بعد فیس بک میسنجر، واٹس ایپ اور انسٹاگرام بنیادی طور پر تو علیحدہ ایپلی کیشنز ہی رہیں گے تاہم ان تینوں ایپلی کیشنز کے میسنجر آپس میں ضم ہوجائیں گے۔

یعنی فیس بک میسنجر استعمال کرنے والا صارف صرف واٹس ایپ یا انسٹاگرام استعمال کرنے والے صارف کو بھی میسج کرسکے گا۔ فی الحال ایسا ممکن نہیں ہے اور فیس بک میسنجر سے صرف میسنجر پر موجود شخص کو ہی پیغام بھیجا جاسکتا ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق تینوں ایپس کے میسجنگ سروسز کو ضم کرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے اور امکان ہے کہ یہ منصوبہ 2019 کے آخر یا 2020 کے اوائل میں مکمل ہوجائے گا۔

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی خواہش ہے کہ فیس بک میسنجر، واٹس ایپ اور انسٹا گرام کی میسجنگ سروسز کو ضم کردیا جائے، انہیں پہلے سے زیادہ مؤثر بنایا جائے تاکہ لوگ پہلے سے زیادہ وقت ان ایپس پر گزار سکیں۔