بلوچستان میں بلدیاتی نظام آج تحلیل ہوجائیگا، انتخابات4ماہ میں ہونگے

66

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان میں بلدیاتی نظام آج تحلیل ہوجائیگا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان کمبر دشتی کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ2010ء کے سیکشن26کے تحت پر تمام بلدیاتی ادارے بشمول میٹرو پولیٹن کارپوریشن، میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیز، ڈسٹرکٹ کونسلز اور یونین کونسلز کی 4 سالہ مدت 27 جنوری کو ہورہی ہے ،اس طرح 28جنوری سے یہ تمام بلدیاتی ادارے تحلیل اور ان کے میئر، ڈپٹی میئر ، چیئرمین ، وائس چیئرمین اور ارکان سبکدوش جائیں گے۔الیکشن کمشنر بلوچستان غلام اسرار خان کا کہنا ہے کہ 4 ماہ کے اندر آئندہ کے انتخابات کرائے جائیں گے ۔ پہلے مرحلے میں 2017ء کی مردم شماری کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کیلیے کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں جو30مارچ تک اپنا کام مکمل کریں گی۔ حتمی فہرست 30 مارچ کو اویزاں کر دی جائے گی۔ کوئٹہ کے سبکدوش میئرڈاکٹر کلیم اللہ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اور ارکان صوبائی اسمبلی نے لوکل گورنمنٹ کے ناقص ایکٹ کے تحت بلدیاتی نمائندوں کے ہاتھ باندھ کر رکھے گئے، اختیارات صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی اور بیوروکریسی کے پاس رہے ۔ فنڈز میں بھی بار بار کٹوتیاں کی گئیں، بلدیاتی نمائندے نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے ،تاہم اس کے باوجود بلدیاتی نمائندوں نے مثالی کردار ادا کیا ۔