کشمیریوں کی جدوجہد کمزور ہونے کا بھارتی پروپیگنڈا جھوٹ پر مبنی ہے

95

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خاں،جنرل سیکرٹری چودھری عمر فاروق گجرنے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کمزور ہونے کا بھارتی پروپیگنڈا جھوٹ پر مبنی ہے۔ خطہ کے حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔ تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہو چکی۔ مظلوم کشمیریوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں بھارت کا غاصبانہ قبضہ جلد ختم ہونے والا ہے۔ حکمران قائد اعظم محمد علی جناح کی قومی کشمیر پالیسی پر کاربند ہوں۔ یکم فروری کو جے آئی یوتھ کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر ریلی نکالی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ اس وقت امت مسلمہ سخت آزمائشوں سے دوچار ہے۔ وطن عزیز پاکستان کو بھی معاشی مشکلات درپیش ہیں۔ اس کا حل یہ ہے کہ ملک میں اسلامی معاشی نظام نافذ کیا جائے۔مسئلہ فلسطین و کشمیر پر پاکستانی قوم کا موقف واضح ہے، امہ مسلمہ کے نوجوان کشمیریوں اور فلسطینیوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، پاکستان نواجوان فلسطینی عوام کی جدوجہد کے ساتھ ہیں، اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں کرنے والے اسلام اورپاکستان کے دشمن ہیں، کوئی بھی مسلمان حکمران اس طرح کی حرکت نہیں کر سکتا انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر امت مسلمہ کے اہم ترین مسائل میں سے ہیں اور پاکستان کی کشمیر اور فلسطین کے ساتھ وابستگی ہر قسم کی مصلحتوں اور مفادات سے بالا تر ہے، اسرائیل کو تسلیم کرنے کا خیال بھی مضحکہ خیز ہے، پی ٹی آئی سمیت کوئی بھی حکومت اسرائیل کو تسلیم کرنے کا تصوربھی نہ کرے، انہوں نے کہا کہ ارض حرمین شریفین اور الاقصیٰ سے مسلمانوں کا عقیدہ اور ایمان کا تعلق ہے۔