عدالتی حکم کے باوجود پی ٹی سی ایل کے پنشنرز کو پنشن کی اضافی رقم ادا نہیں کی جارہی

119

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمن سواتی نے اس امر پر سخت افسوس اور تشویش کا اظہار کیا ہے کہ پی ٹی سی ایل کے پنشنرز کوعدالت عظمیٰ کے واضح احکامات کے باوجود پنشن میں اضافی رقم نہیں دی جارہی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ٹی سی ایل کے پنشنرز کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ 2006ء میں پی ٹی سی ایل کی نج کاری کی گئی تھی۔ اس وقت کہا گیا تھا کہ یہ نج کاری قومی خزانے کو تقویت پہنچانے کے لیے کی جا رہی ہے۔ جبکہ صورتحال یہ ہے کہ خریدنے والی کمپنی اتصالات کے ذمے بلین آف ڈالرز ہیں۔ جو کہ ابھی تک واجب الوصول ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسری طرف ملازمین کا استحصال ہو رہا ہے۔ ان کو قانون میں دیے گئے حقوق بھی میسر نہیں ہیں ۔ ملازمین اپنی زندگی کے بہترین 30 اور 35 سال ادارے میں گزارتے اور ملک وقوم کی خدمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ 2008 ء کے بعد سے پنشن میں ہونے والا اضافہ پی ٹی سی ایل کے پنشنرز کو نہیں ملا ہے۔ حالانکہ اس ضمن میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات بھی موجود ہیں۔ مگر پی ٹی سی ایل کی انتظامیہ نے عدالت عظمیٰ کے احکامات کو ردی کی ٹوکری کی نذر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل لیبر فیدریشن پی ٹی سی ایل کے ملازمین اور پنشنرز کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر آوازاُٹھاتی اور احتجاج کرتی رہے گی۔ حکومت کو فوری طور پر پی ٹی سی ایل کے پنشنرز کا مسئلہ حل کرنا چاہیے۔ شمس الرحمان سواتی نے مطالبہ کیا ہے کہ اتصالات سے نجکاری کی رقم وصول کی جائے۔ یا پھر نجکاری کا معاہدہ منسوخ کیا جائے۔ قانون کے مطابق ملازمین کے حقوق بحال کیے جائیں اورپنشنرز کو بقایا رقم کی ادائیگی کی جائے۔