پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے اگر وفاقی حکومت نے کے پی کے حکومت کے تحفظات پر توجہ نہ دی تو احتجاج کا دورانیہ بڑھا دیا جائے گا ۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت خیبرپختونخوا ارکان اسمبلی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا ۔ عمران خان نے کے پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو احتجاجی ریلی اور دھرنے کی قیادت سونپتے ہوئے ہدایت کی اگر حکومت نے تحفظات پرتوجہ نہ دی تو دھرنے کا دورانیہ بڑھا دیا جائے ۔ عمران خان کا کہنا تھا کے پی کے کی عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، حکومت کو اقتصادی راہداری منصوبے پر من مانی نہیں کرنے دیں گے ۔ ان کا کہنا تھا پرامن احتجاج حکومت کے لئے ایک ٹریلر ہے ۔
عمران خان کا کہنا تھا وفاقی حکومت کو گیس کی رائیلٹی سمیت اقتصادی راہداری منصوبے پر حق دینا ہو گا ۔ ان کا کہنا تھا احتجاج میں شامل ہونےوالی جماعتوں کو خوش آمدید کہیں گے ۔