50 لاکھ گھر بنا کر دینے والوں نے عوام کو چھتوں سے محروم کردیا

58

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 110کے امیرچودھری عمرفاروق،جنرل سیکرٹری اقبال منوراوردیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں ریاست مدینہ کی طرز پر حکومت قائم کرنے کا اعلان کرنے والی حکومت میں وزیراعظم سے لے کر وزراء تک زہریلی زبان استعمال ہوتی ہے۔ ایک کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کے وعدے کرنے والی حکومت نے عملاً 15 لاکھ بے روزگار کر دیے ہیں۔ 50 لاکھ گھر بنا کر دینے والوں نے کراچی، لاہور اور دیگر جگہوں پر عوام کو چھتوں سے محروم کردیاہے۔ نظام زکوۃو نظام صلوۃ قائم کرنے اور سود کے خاتمے کے بجائے اسلام سے متصادم پالیسیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج کرپٹ مافیا پی ٹی آئی، مسلم لیگ نون سمیت دیگر جماعتوں و ریاستی اداروں میں بھی موجود ہے۔ یہ مافیا گٹھ جوڑ کر کے چاہتاہے کہ احتساب کا معاملہ غیر موثر ہو جائے۔ اگر عمران خان حکومت پانامہ کے 436 کرداروں کو احتساب کے کٹہرے میں لے آتی تو آج کرپٹ اشرافیہ کو یہ کہنے کا موقع نہ ملتا کہ یکطرفہ احتساب ہورہاہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ہر کرپٹ کا احتساب چاہتی ہے ۔چودھری عمرفاروق نے مزید کہا کہ پوری قوم 5 فروری کو بھارتی مظالم اور عالمی بے حسی کے باوجود عزم و ہمت سے ڈٹے اور لازوال قربانیاں دیتے کشمیری عوام کے جذبہ آزای و حصول خود ارادیت کی جدوجہد پر انہیں سلام پیش کرے گی۔ عالمی براردری بے حسی و مسلم دشمن کارویہ ترک کر ے اور اقوا م متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد، ہندوستانی قیادت کے وعدوں اور کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق کشمیر کا منصفانہ حل بذریعہ حق استصواب یقینی بنائے۔ مسئلہ کشمیر کا حل خطہ کی دو ایٹمی طاقتوں کے مابین تمام تر اختلافات کے حل کی بنیاد بن سکتاہے۔