حکومت نے حج جیسے مقدس دینی فریضے کو بھی خاصامشکل بنادیا ہے

104

لاہور(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکمران پاکستان کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنانے کے بجائے غریب عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کررہے ہیں۔ حج ایک مقدس دینی فریضہ ہے،اب اس دینی فریضے کو بھی تحریک انصاف کی حکومت نے خاصامشکل بنادیا ہے۔ حج اخراجات میں اضافہ کرکے اسے عوام کی دسترس سے باہر کیا جارہا ہے۔موجودہ حکمرانوں کی حج پالیسی منظور ہونے سے حج ایک لاکھ 57ہزارروپے فی کس مہنگا ہوچکا ہے۔دنیابھر کے مسلم اور غیر مسلم ممالک دینی فریضہ کی ادائیگی کے لیے مسلمانوں کو بہترین سہولیات اور آسانیاں فراہم کرتے ہیں مگر بدقسمتی سے کلمہ طیبہ کے نام پر بننے والے پاکستان میں حج اخراجات میں اضافہ کرکے یہ ثابت کردیا گیاہے کہ حکومت کو عوامی مسائل اور ان کے حل سے کوئی غرض نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف عوامی وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت ہر سال حاجیوں سے اربوں روپے کماتی ہے اور بدلے میں انتہائی ناقص انتظامات کیے جاتے ہیں۔ماضی میں عازمین حج کے لیے عمارتوں کے حصول اور دیگر سہولتوں کے نام پر کروڑوں روپے کی بدعنوانیاں ہوتی رہی ہیں اور یہ سلسلہ ہر دور حکومت میں جاری رہاہے۔انہوں نے کہاکہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کو جوازبناکر عازمین حج پر فریضہ حج کو مشکل اور مہنگابناناحکمرانوں کی نااہلی کامنہ بولتاثبوت ہے ۔جو حکمران تبدیلی کے نام پر برسراقتدار آئے وہی عوام کی زندگی اجیرن بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شخص کومایوس کیا ہے۔لوگ ملک میں تبدیلی کاخواب دیکھ رہے تھے مگر تحریک انصاف کادورحکومت ماضی کے حکمرانوں سے بھی زیادہ مایوس کن ہے۔چھ ماہ میں ہی لوگ تبدیلی کے نعرے کی اصل حقیقت جان گئے ہیں۔
نوشہروفیروز ،کچرے کے ڈھیر سے نومولود بچے کی لاش برآمد
نوشہروفیروز(آئی این پی)انسانیت کی تذلیل، کچرے کے ڈھیر سے نومولود بچے کی لاش برآمد، ایس ایچ او بھریاروڈحبیب اللہ لاشاری کے مطابق یاسین کالونی میں ایک نجی میڈیکل سینٹر کے قریب سے ملنے والی معصوم بچے کی نعش کو شہریوں نے مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا ہے۔