کشمیر پاکستان کیلیے نظریاتی اور دفاعی لحاظ سے اہم ہے

79

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی117کے زونل ذمے داران،مجلس شوریٰ کے ارکان اوریوسی امرا کا مشترکہ اجلاس زونل امیر عمران رشید کی زیرصدارت سیم دفترمیں منعقد ہوا۔اجلاس میں زونل جنرل سیکرٹری رانامحمد اقرار خاں ، صدرسیاسی کمیٹی ریاض احمدسعدی اورنائب امیر محمد سلیم انصاری ودیگربھی شریک تھے۔اجلاس میں آئندہ ماہ کی پلاننگ کی گئی، 5فروری کو جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ہونے والی کشمیر ریلی میں بھرپورشرکت کرنے ، 10فروری کو ہونے والے زونل اجتماع ارکان کی تیاریوں کا جائزہ اور آئندہ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کے لیے بھی دعوتی کام کو تیزکرنے کی پلاننگ کی گئی ،زونل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران رشید نے کہاہے کہ بھارت میں جیسے ہی عام انتخابات قریب آتے ہیں کشمیریوں پر ظلم بڑھ جاتا ہے۔کشمیر پاکستان کے لیے نظریاتی اور دفاعی لحاظ سے اہم ہے۔ کشمیر کے تمام دریاؤں کا رخ پاکستان کی طرف ہے۔ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کوپانی سے محروم کرنے کی سازش کی ہے۔افغانستان میں نیٹو ممالک آنے کے بعد اور پاکستان میں بد امنی کے واقعات بڑھے۔ تین ہزار آپریشنز کر کے 375 کشمیریوں کو گزشتہ سال شہید کیا گیا۔ سید علی گیلانی،شبیر شاہ، یاسین ملک،سید صلاح الدین اور آسیہ اندرابی سمیت کشمیری قیادت قربانیاں دے رہی ہے۔ مشرف کے7نکات نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا۔حریت قیادت نے اس کو ناکام بنایا۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے خاموش تماشائی کا کردار ادا کیا ہے ان کی ترجیحات میں کشمیر کا مسئلہ حل کرنا شامل ہی نہیں تھا۔مسئلہ کشمیر پر ریاستی پالیسی بنانے کے لیے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے اور ایک روڈ میپ بنایا جائے۔ 2019ء کو حکومت کشمیر کی آزادی کا سال منائے ۔پاکستان کی حکومتوں نے اپنی ذمے داریاں پوری نہیں کیں کشمیریوں کی شہادتوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر زندہ ہے۔