حکومت ہوش کے ناخن لے ، حج پر دی جانے والی سبسڈی کو بحال کرے

94

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیر میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ عوامی حکومت کے دعویداروں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں معمولی کمی کرکے اونٹ کے منہ میں زیرہ کے محاورے کو بھی شرمسار کردیا ہے، اضافہ تو 15سے 20روپے تک کیا جاتا ہے مگر کمی کا وقت آنے پر صرف 59 پیسے کی کمی کا اعلان عوام سے مذاق کے مترادف ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ اس وقت جب عالمی پیمانے پر تیل کی قیمتوں میں کافی حد تک کمی ہوئی ہے تواس کا فائدہ عوام کو پہنچانے کے بجائے صرف چند پیسوں کی کمی کرکے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کی گئی ہے، منی بجٹ،دواؤں کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حج پر سبسڈی ختم کرنے کا اعلان ریاست مدینہ طرزحکومت کی دعویدار پی ٹی آئی حکومت کی عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور موجودہ وزیرخزانہ اسد عمر جب اپوزیشن میں تھے تو پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی سمیت دیگر ٹیکسز کو ختم کرنے اور پیٹرول کی قیمت 50روپے تک لانے کا مطالبہ کرتے تھے مگر اب جب ان کی اپنی حکومت ہے تو وہ عوام کو کسی قسم کا ریلیف دینے کے لیے تیار نہیں ہیں، آئی ایم ایف کے مطالبے پر قرض لینے سے قبل ہی ان کی شرائط پر عمل کرتے ہوئے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں غرق کردیا گیا ہے، روزانہ استعمال کی اشیا پر بھاری ٹیکسز اور خراب طرز حکمرانی سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، احتساب کا راگ الاپنے والے حکمران کارکردگی بھی دکھائیں اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کریں ورنہ موجودہ حکمرانوں کی حالت بھی سابق حکمرانوں سے مختلف نہیں ہوگی۔ استعمال کی تمام اشیا پر بھاری ٹیکسز عائد کرنے کے بعد اب کلمے کے نام پر وجود میں آنے والی مملکت خداداد میں حج پر سبسڈی ختم کرنے کااعلان اور حج اخراجات میں دگنا اضافہ حکمرانوں کی اسلام اورعوام دشمنی کا کھلا ثبوت ہے، اگر حکمرانوں نے اپنی روش نہ بدلی تو بہت جلد مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام سڑکوں پر ہوں گے، تبدیلی کے نام پر عوام کی امیدوں کا خون کرنے والی حکومت کی جانب سے فریضہ حج جیسی مقدس عبادت پر بھی ٹیکس لگانا حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوسکتا ہے اس لیے حکومت ہوش کے ناخن لے اور فوری طور پر حج پر دی جانے والی سبسڈی کو بحال ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی منڈی میں ہونے والی کمی کا عوام کو فائدہ پہنچائے۔