کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہکراچی دوبارہ روشنیوں کا شہر بن گیا ہے اور کراچی کے شہریوں نے ان لوگوں کو شکست دی ہے جو اس شہر کا امن خراب کرنا چاہتے تھے ،امن و امان قائم ہونے سے شہر میں کھیلوں، تجارت اور ثقافتی سرگرمیوں میں اضافہ پرامن کراچی کاثبوت ہیں، کامیاب ایونٹس کا سہرا عوام کوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سمیت کسی بھی جماعت کی قانون کے دائرے میں مناسب سیاسی سرگرمی پر کوئی اعتراض نہیں سب کو کراچی میں امن خوشحالی کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ وہ اتوار کے روزفرسٹ کمشنر کراچی سٹی میراتھن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نہ صرف کھیل بلکہ دیگر صحتمندانہ سرگرمیوں میں بھی شہر میں اضافہ ہوا ہے اور ان کے ساتھ ساتھ تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ایک بہت بڑا ایونٹ ہوگا اور انہوں نے ذاتی طور پر پی ایس ایل کے آرگنائزر، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ڈویژنل انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ اجلاس کی صدارت کی ہے اور امید ہے کہ دوبارہ یہ ایک بڑے ایونٹ کے ساتھ شہر کا ایک یادگار ایونٹ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے جس سے شہر کے لوگوں کو چند مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے مگر انکی ہر ممکن کوشش ہوگی کہ لوگوں کو کم سے کم تکالیف یا مسائل کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا ایونٹ ہے اور کراچی کا ہر شہری پی ایس ایل کے کھلاڑیوں، شرکاء اور آرگنائزر کا میزبان ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میراتھون میں 50سال والی کیٹگری بھی ہونی چاہیے تاکہ میں بھی شرکت کرسکوں،انہیں ڈرتھامیں جیت جاؤں گا اس وجہ سے میراتھون میں مجھے نہیں بلایا۔انہوں نے کہاکہ ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم کراچی کے دورے پرہے کراچی میں امن و امان قائم ہونے سے شہر میں کھیلوں، تجارت اور ثقافتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ایم کیو ایم پاکستان کے دفاتر کھلنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ کسی بھی جماعت کی قانون کے دائرے میں مناسب سیاسی سرگرمی پر کوئی اعتراض نہیں۔