سانحہ ساہیوال پر حکومتی بے حسی بڑا المیہ ہے،چودھری عمرفاروق

79

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہاہے کہ سانحہ ساہیوال پر حکومتی بے حسی، سرد مہری، دانستہ طوالت اور مٹی ڈالنے کی مجرمانہ کوشش اصل المیہ سے بھی بڑا المیہ ہے اور ہر گزرتا دن حکومتی سنگ دلی پر ماتم کر رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ دن دہاڑے قتل عمد کے ایسے واقعات پر مہذب معاشروں پر حکومتیں مستعفی ہو جاتی ہیں، لیکن یہاں نہ وزیراعلیٰ نے استعفا دیا نہ آئی جی پولیس نے۔ چند افسروں کے تبادلے اور نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر کا نتیجہ ہے کہ اب سی ٹی ڈی قاتلوں کی پشت پناہ بنی ہوئی ہے اور دس مؤقف تبدیل کرکے اب اہلکاروں کو بھی بری کروانے کے جتن کیے جارہے ہیں۔ ایسا لگتاہے کہ حکمرانوں کو اللہ کی بے آواز لاٹھی اور آخرت میں جواب دہی کا خوف بھی نہیں۔جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدرچودھری عمرفاروق گجر نے مطالبہ کیا کہ جوڈیشل کمیشن تشکیل دے کر ذمے داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے اور عبرت کا نشان بنایا جائے۔