موبائل فون، ٹیبلٹ اور اسی نوع کے کئی دوسرے دستی آلات انسانی زندگی کا جزو لازم بن چکے ہیں۔ بلاشبہ ان کی افادیت سے انکار ممکن نہیں۔ ان آلات نے انسانی زندگی میں بہت سی آسانیاں پیدا کردی ہیں۔ اسے ہر لمحہ اہل خانہ، عزیز و اقارب اور دوست رشتے داروں کے ساتھ رابطے میں رہنے کے ساتھ دنیا جہان کی پل پل کی صورت حال سے باخبر رہنے کے قابل کردیا ہے۔ علاوہ ازیں اس پر تفریح اور روزگار کے نت نئے دَر وا کیے ہیں۔
ان آلات کو فعال رکھنے کے لیے 25برقی ٹانک24 فراہم کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس کے بغیر یہ کمزور پڑتے چلے جاتے ہیں اور بالآخر جواب دے جاتے ہیں۔ اسمارٹ فون اور دوسرے آلات کو چارجر کے ذریعے برقی توانائی فراہم کی جاتی ہے۔ تاہم ہر وقت اور ہر جگہ انھیں طاقت پہنچانا یعنی چارج کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ چارجر تو ہوتا ہے مگر برقی توانائی کا ماخذ موجود نہیں ہوتا۔ یو ایس بی پورٹ کی حامل بیٹریوں نے یہ مشکل دور کردی ہے۔ اب آپ چاہے گھر میں ہوں یا دفتر میں یا پھر محوسفر ہوں، دستی برقیاتی آلات کو چارج کرنا کوئی مسئلہ نہیں۔ بس یہ بیٹری ساتھ رکھیے اور اسمارٹ فون کی بیٹری ختم ہونے کی فکر سے نجات پائیں۔