راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس کی کارروائی، 61 کروڑ مالیت کی منشیات بر آمد

128

راولپنڈی؍ لاہور؍ پشاور؍ کراچی (آئی این پی) منشیات کی ترسیل و استعمال کیخلاف عدم برداشت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 18 ملک گیر کارروائیوں کے دوران 61 کروڑ 91 لاکھ روپے عالمی مالیت کی 240.502 کلو گرام منشیات برآمد کرلی جبکہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 20 ملزمان کو گرفتار اور 6 گاڑ یاں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 154.742 کلو گرام چرس، 55.2 کلو گرام افیون، 18.32 کلو گرام ہیروئن، 12.09 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن اور 150 گرام ایمفیٹامائن شامل ہے۔ اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بذریعہ پرواز نمبر QR-633 دوحہ جانے والے ہنگو کے رہائشی احسان اللہ نامی مسافر کی تلاشی کے دوران اس کے جوتوں میں چھپائی گئی 1.12 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر QR-633 دوحہ جانے والے خیبر ایجنسی کے رہائشی محمد عزیز نامی مسافر کی تلاشی کے دوران اس کے جوتوں سے 800 گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے بسال روڈ، اٹک پر واقع سالار چوک کے قریب اٹک کے رہائشی محمد سعید نامی ملزم کے قبضے سے 400 گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ لاہور پر کارروائی کرتے ہوئے محمد حارث نامی برطانوی باشندے کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے پاس 3 عدد بیگوں میں موجود فوم میں جذب کی گئی 16.7 کلو گرام ہیروئن برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم پرواز نمبر EK-623 کے ذریعے برطانیہ روانہ ہورہا تھا۔ دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے بذریعہ پرواز نمبر PA-470 جدہ جانے والے شانگلہ کے رہائشی منظور الٰہی نامی مسافر سے 10.1 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ برآمد شدہ منشیات ملزم کے ٹرالی بیگ میں موجود 19 پوشاکوں، شال، تولیہ اور احرام میں جذب کی گئی تھی۔ تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے ایمپیریم مال، لاہور کے قریب ٹیوٹا کرولا کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے ڈرائیونگ سیٹ کے نیچے اور خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 5 کلو گرام چرس برآمد کر کے پشاور کے رہائشی نوید احمد نامی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ چوتھی کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے مین موٹر وے ٹول پلازہ، سرگودھا روڈ، فیصل آباد کے قریب سرگودھا کے رہائشی سردار رشید کے قبضے سے 1.2 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پانچویں کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے فیروز پور روڈ، لاہور پر واقع فیصل بینک کے قریب لاہور کے رہائشی نذر حسین نامی موٹرسائیکل سوار کو روک کر اس کے قبضے سے ایک کلو گرام ہیروئن، 500 گرام چرس اور 150 گرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اے این ایف پشاور نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران اباسین یونیورسٹی کے قریب لینڈ کروزر گاڑی کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے فیول ٹینک میں چھپائی گئی 55.2 کلو گرام افیون برآمد کر کے صوابی کے رہائشی سہراب خان اور جاوید نامی دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔