اندرون سندھ صحافیوں کا تنخواہوں کی عدم اسائیگی اور بر طرفی کیخلاف احتجاج 

88

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں، تنخواہوں کی کٹوتی و عدم ادائیگیوں کیخلاف ملک بھر میں جاری روزگار بچاؤ تحریک کے سلسلے میں سکھر، نوشہروفیروز، شکارپور سمیت دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے، سکھر میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل لالا اسد پٹھان کی قیادت میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ایس یو جے کے صدر ظہیر خان لودھی، سکھر پریس کلب کے صدر جاوید میمن، جنرل سیکرٹری نصراللہ وسیر، سیفما کے مرکزی نائب صدر لالا شہباز پٹھان، ایس یو جے کے سینئر نائب صدر جلال الدین بھیو، جنرل سیکرٹری سلیم سہتو، جوائنٹ سیکرٹری عبدالحمید کمبوہ، پریس سیکرٹری ابوذر غفاری، آفس سیکرٹری خالد محمود بٹ، پریس کلب کے نائب صدر یاسر فاروقی، خازن نادر خان، فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے عہدیدران و صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے اور میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں، تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں کیخلاف نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر لالا اسد پٹھان و دیگر رہنماؤں نے کہاکہ بعض میڈیا ہاؤسز کے مالکان نے جبری برطرفیوں کے ذریعے میڈیا ورکرز کا معاشی قتل کیا ہے، جبکہ کام کرنے والے ورکرز کو تنخواہیں بھی ادا نہیں کی جارہیں، جس کے باعث میڈیا کارکنان سخت معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ برطرفیوں کا عمل بند کر کے تمام برطرف ورکرز کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ میڈیا ہاؤسز کے بقایا جات کی ادائیگیوں اور اشتہارات کو میڈیا ورکرز کی بحالی اور تنخواہوں کی ادائیگی کیساتھ مشروط بنایا جائے اور صحافیوں کو معاشی تحفظ فراہم کیا جائے۔