وقاص کے قتل کامقدمہ وزیراعلیٰ پنجاب پردرج کیاجائے

83

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے خونی ڈورکی بھینٹ چڑھنے والے فیصل آبادکے نوجوان شہری محمد وقاض کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ وقاص کے قتل کامقدمہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور فیاض الحسن چوہان پردرج کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ خونی تہوار بسنت منانے کے اعلان کے باعث ہی ایسے اندوہناک واقعات پیش آئے ہیں، انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب اور ان کے وزراء بسنت جیسے خونی کھیل میں کیوں دلچسپی لے رہے ہیں۔ بسنت جیسے خونی کھیل نے بہت سے گھروں کے چراغ گل کیے اور سیکڑوں معصوم لوگوں کی جانیں لیں اوربہت سے افراد کو ہمیشہ کیلیے معذور بنا دیا۔عوام کی جانب سے اس خونی اور جان لیوا کھیل کی اجازت کے اعلان پر عوام کے احتجاج کے باوجودحکومت پنجاب اورانتظامیہ اس کو روکنے میں ناکام ہے جوحکومت اورضلعی انتظامیہ کی ناکامی کامنہ بولتا ثبوت ہے اورتمام تر احتیاطی تدا بیر کے باوجود جانی و مالی نقصان کونہیں روکا جاسکا۔جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے پتنگ بازی جیسے خونی کھیل کوپوری طاقت سے روکنے کا مطالبہ کرے ہوئے کہاکہ شہر میں نوجوان نسل کی صحت وافزائش کیلیے پارکوں اورمیدانوں کی بہتری کیلیے عملی اقدامات اٹھائیں تاکہ نوجوان نسل صحت منداور مثبت کھیلوں کی طرف مائل ہوں۔
میرپور خاص، احمد سعید قائمخانی اور شبیر احمد کو صدمہ
میرپور خاص (نمائندہ جسارت) میرپور خاص پریس کلب کے سابق جنرل سیکرٹری و سینئر صحافی احمد سعید قائم خانی کی والدہ انتقال کرگئیں۔ نماز جنازہ فیضان مدینہ میں تدفین بھانسنگھ آباد قبرستان میں کی گئی۔ نماز جنازہ وتدفین میں میرپورخاص پریس کلب کے صدر راشد سلیم، چیئرمین بلدیہ فاروق جمیل درانی، پیپلز پارٹی کے رہنما حنیف میمن، سعید قریشی، تاجر رہنما عبدالسلام شیخ، انیس احمد خان شیخ، چیمبر آف کامرس کے لالا عبدالخالق خان، واحد حسین پہلوانی، پی ٹی آئی کے ملک عبدالغفار، تاجر تنظیموں، وکلا، سول سوسائٹی اور معززین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی کے سابق رہنماء شبیر احمد کی والدہ انتقال کرگئیں جن کی نماز جنازہ خضرا مسجد سومرو پاڑا میں اور تدفین بھانسنگھ آباد قبرستان میں کی گئی۔