عمران خان خود پارلیمنٹ کو تباہ کررہے ہیں،خورشید شاہ

128

سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پارلیمنٹ کو خود تباہ اور اس کی تذلیل کررہے ہیں، عمران خان کے پاس 155ووٹ ہیں اکثریت نہیں ہے ہم بہت کچھ کرسکتے ہیں لیکن ہم نہیں کررہے ہیں ہم جمہوریت اور پارلیمنٹ کو چلانا چاہتے ہیں ۔عمران خان بتائیں کہ کس بدبخت نے ان سے این آر او مانگا ہے، بتائیں کون آیا تھا، ہمیں بھی تو پتا چلے تاکہ ہم بھی اس گندی مچھلی کو نکال باہر کرسکیں۔سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان سے نہ کوئی ڈیل مانگ رہا ہے اور نہ ڈھیل مانگ رہا ہے جبکہ وہ ڈیل بھی وہ خود کرکے آئے اور ڈھیل بھی وہ مانگ رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ جس ملک کا وزیراعظم پارلیمنٹ ہی نہیں آئے تو پھر کیا کیا جاسکتا ہے یہ لوگ تو عوام کے ووٹ سے اقتدار میں آکر مزے لوٹتے ہیں اور پھر اسی پر لعنت بھیجتے ہیں یہ لوگ ہنس کی چال چلنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن جب کوا ہنس کی چال چلتا ہے تو اپنی چال بھی بھول جاتا ہے، ان کی سیاست کامحورڈراؤ دھمکاؤ اور اتنا شور کرو کہ کوئی یہ نہ پوچھے کہ کیا ہورہا ہے وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں یہ ان کی کم عقلی ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کے بعد پی اے سی کی پوزیشن ہوتی ہے،یہ پارلیمنٹ کی کمیٹی ہے، اس میں سینیٹر اور اراکین اسمبلی ہوتے ہیں تاریخ میں ایسا نہیں ہوا کہ کبھی کسی رکن پر عدم اعتماد ہواہو، انہیں پتا نہیں تھا کہ شہباز شریف پر نیب کیسز ہیں کیا ہمیں نہیں معلوم کہ وزیراعظم اور وزراء پر بھی کیسز ہیں ان کا کہنا تھا کہ 6 ماہ ہونے والے ہیں اور انہوں نے کچھ نہیں کیا تو وہ اس لیے پارلیمنٹ کو خود تباہ اور اس کی تذلیل کررہے ہیں۔ یہ ملک میں لاقانونیت کی فضا قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں یہ جمہوریت کو ٹارگٹ اور ڈی گریڈ کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کو ان باتوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا ملکی ادارے اپنا کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی بے نام ہے کیونکہ یونیورسٹی کے لیے کوئی بل اور چارٹر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتیں لوگوں کو ریلیف دیتی تھی، بحران ہوتا تو اس سے نمٹا جاتا تھا، پلاننگ نہیں،کوا چلا ہنس کی چال، اپنی چال بھی بھول گیا، وہی حال ہورہا ہے۔