فیصل آباد ،نیپالی طرز کا پہلا زگ زیگ اینٹوں کابھٹہ فعال

121

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)فیصل آباد کے علاقے سمندری روڈ پر نیپالی طرز کا پہلا زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جانے والا اینٹوں کا بھٹہ فعال کردیا گیاہے۔جس کا افتتاح مرکزی صدر انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن شعیب خان نیازی نے کیا جبکہ مرکزی جنرل سیکر ٹری مہر عبدالحق،ضلعی صدر چودھری عبدالرزاق،سینئر نائب صدر میاں فرمان علی، باجوہ، نیپال سے آئی مہمان بدیا پردھان، راج کمار کے علاوہ صدر لاہور رانا سبحان،صدر ٹوبہ شیخ عامر فیاض، صدر چنیوٹ جمشید چیمہ،صدرمرید والا میاں اشفاق،چودھری اشرف گجر،حاجی اسلام، چودھری غلام مصطفی،حاجی الطاف،میاں محمد اکرم اور دیگر اضلاع و تحصیل کے بھٹہ مالکان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر شعیب خان نیازی نے کہا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بعد علاقے کے ماحول اور مقامی افراد کی صحت میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئے گی ۔بھٹے کے مالک میاں فرمان علی کا کہنا ہے کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی سے دھوئیں کے اخراج میں 40 فیصد کمی آئی ہے۔ بھٹے کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیے جانے پر ایک کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ماہر ماحولیات کے مطابق زگ زیگ ٹیکنالوجی والا بھٹہ سفید دھواں خارج کرتا ہے جو سیاہ دھوئیں کے مقابلے میں کم نقصان دہ ہے۔ سیاہ دھواں نہایت آلودہ اور زہریلا ہوتا ہے جو ماحول کیلیے بے حد خطرناک ہے۔سیاہ دھواں اسموگ کا سبب بھی بنتا ہے جو شہریوں میں دمہ، سانس کی بیماریاں، آنکھوں کے انفیکشن اور پھیپھڑوں کی بیماریاں پیدا کرنے کا باعث بنتا ہے۔