سعودی پرنس کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور مشترکہ سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا
سعودیہ ودیگر برادرممالک سے تعلقات میں بہتری وزیراعظم عمران خان کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے،سرپرست اعلیٰ یو بی جی
کراچی:یونائٹیڈ بزنس گروپ(یوبی جی)کے سرپرست اعلیٰ اورٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے سابق چیف ایگزیکٹوایس ایم منیر نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی سعودیہ کے اہم ترین سرمایہ کاروں کے ہمراہ پاکستان کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور سعودی پرنس کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور مشترکہ سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا
جبکہ دیگر ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنے میں مددملے گی۔بزنس کمیونٹی کے وفد سے گفتگو میں ایس ایم منیر نے کہا کہ سعودی عرب کے پرنس کی پاکستان آمد کے ساتھ ہی پاکستان میں تقریباً 20ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان خوش آئند ہے، اس سرمایہ کاری سے ملک میں روزگار اور خوشحالی کے نئے مواقع پیداہونگے،سعودی ولی عہد کے حالیہ دورے سے پاکستان کو 14 ارب ڈالرز اور گوادر میں آئل ریفائنری حاصل ہوگی جس سے پاکستان کی معیشت مزید مضبوط ہوگی اور ملک میں روزگارکے وسائل پیدا ہونگے اور ساتھ ہی دیگر ممالک بھی سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کے فروغ کیلئے پاکستان کا رخ کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سمیت دیگر برادرممالک سے تعلقات میں بہتری وزیراعظم عمران خان کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے ۱وروہ ملکی معیشت کو استحکام دینے کیلئے جو محنت کررہے ہیں اس میں بزنس کمیونٹی انکے ہمراہ قدم ملا کر چل رہی ہے،سعودی ولی عہدکے دورہ پاکستان سے دوررس نتائج برآمد ہوں گے،ملکی معیشت میں بہتری آئیگی۔ایس ایم منیر نے کہا کہ سعودی فرمانرواخادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا احترام پاکستان کا ہر فردکرتا ہے اور سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا مشکل حالات میں ساتھ دیا ہے،شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہے اور اس دورے سے پاکستان اور سعودیہ کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔
‘ایس ایم منیر نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ برسوں کے کٹھن حالات کے بعد پاکستان کامشکلات سے نکلنے کا سفر شروع ہوگیا ہے اوردنیا بھر میں پاکستان کی کامیابیوں کے حق میں بھی آوازیں بلندہونے لگی ہیں، پاکستان کو سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی مدد بھی دستیاب ہے،یہ حقیقت ہے کہ آج کا پاکستان چندماہ پہلے کے پاکستان سے کہیں زیادہ مضبوط ہے کیونکہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری بڑھنے کے واضح امکانات ہیں جبکہ بیرون ممالک مارکیٹوں تک پاکستان کی رسائی آسان ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ سعودی پرنس کے ساتھ پاکستان کے دورے پر آنے والے سرمایہ کار دیگر شعبوں کی حامل انڈسٹریز میں بھی زراکت دارانہ سرمایہ کاری کا جائزہ لیں کیونکہ پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔