بجلی کو 30 فیصد تک مہنگا کرنا عوام پر بجلی بم گرانے کے مترادف ہوگا

108

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی117عمران رشیدنے کہا ہے کہ بجلی کو 30 فیصد تک مہنگا کرنا عوام پر بجلی بم گرانے کے مترادف ہوگا۔ ایسے اقدامات سے حکمرانوں کے معاشی وژن کی قلعی کھل کر عوام کے سامنے آگئی ہے۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے قرض لے کر ملک پہلے چلا ہے اور نہ ہی آئندہ چل پائے گا۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ملکی وسائل سے استفادہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کی جانب سے خواتین کو ہراساں کرنے کے ریمارکس تشویشناک ہیں۔ ہراسگی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ جبکہ اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ حکومت وقت کی بنیادی ذمے داری ہے کہ وہ خواتین کو اولین بنیادوں پر تحفظ فراہم کرے۔ اسلامی معاشرے میں خواتین کو اعلیٰ مقام و مرتبہ حاصل ہوتا ہے۔ مگر بد قسمتی سے کچھ نام نہاد این جی اوز اپنے غیر ملکی ایجنڈوں کی تکمیل کے لیے خواتین کو ہراساں کرنے اور اس سے جڑے دیگر معاملات پر منفی کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کریک ڈاؤن جیسے اقدامات سے ملک میں اضطراب کی کیفیت پیدا ہوگی۔ ماضی میں تحریک انصاف سوشل میڈیا پر قدغن کی مخالف رہی ہے۔ اب جبکہ عمران خان خود وزیر اعظم ہیں تو وہ اپنی حکومتی کارکردگی پر تنقید پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے بجائے سوشل میڈیا پر پابندیاں لگانا چاہتے ہیں۔ اداروں کی توہین اور مذہبی منافرت پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے مگر اس کی آڑ میں سیاسی مقاصد کو حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔