حکمرانوں نے200دنوں میں ملک کومزید بے وقارکردیا،راجا جواد

164

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمدجواد نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے اپنے منشوراورانتخابی مہم میں قوم کو امیددلائی کہ وہ اقتدارمیں آکران کی مشکلات کاخاتمہ کرکے پاکستان کوایک خوددار اور باوقار ریاست بنائیں گے لیکن 200دنوں میں ہی انہوں نے ایٹمی ریاست کو مزیدبے وقاراوربے وز ن کردیا ، اپنے اخراجات کوکنٹرول کرکے ملک کے معاشی بحران کا خاتمہ کرنے کے بجائے کشکول لے کردنیا بھرسے بھیک مانگی جارہی ہے عوام پرٹیکسوں اوربنیادی ضروریات کی اشیاء مہنگا کرکے مزید بوجھ ڈال دیا گیا ،مہنگائی ،بے روزگاری ،امن وامان کی بدترین صورتحال کے ساتھ قوم کوانصاف میسرنہیں ،ظالم سرمایہ دارعوام پرظلم کررہے ہیں اورحکومت انھیں تحفظ فراہم کرتی ہے،سانحہ ساہیوال کے مظلوم خاندان بدترین ریاستی دہشتگردی کا شکارہوئے لیکن آج تک انہیں انصاف نہیں مل سکا۔اجتماعات سے خطاب اوروفودسے گفتگو کرتے ہوئے امیرضلع نے کہاکہ جماعت اسلامی جیسی دیانت اورکرپشن سے پاک عوامی جماعت ہی ملک وقوم کوبحران سے نکال سکتی ہے،قوم اب مزید کرپٹ جاگیرداروں اورظالم سرمایہ داروں کے جھانسے میں نہ آئے اورجماعت اسلامی کی کلین وشفاف قیادت کا ساتھ دے ۔