حکومت لوگوں سے اظہار رائے کی آزادی کا حق چھیننا چاہتی ہے

92

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی117کے امیرعمران رشید نے سوشل میڈیا پر قدغن لگانے کی مخالفت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ حکومت لوگوں سے اظہار رائے کی آزادی کا حق چھیننا چاہتی ہے۔ سوشل میڈیا پر اختلاف رائے کی بنیاد پر بلاجواز سختیوں کا اعلان تشویشناک ہے۔ حکومت کی طرف سے الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کے خلاف مختلف کارروائیوں سے پہلے ہی ہزاروں صحافیوں کو بے روزگار کر چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ضابطہ اخلاق بنانا ضروری ہے مگر ضابطہ اخلاق کی آڑ میں لوگوں کو حکومت پر تنقید کرنے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے جمہوری حق سے محروم کرنا غیر آئینی اور غیر جمہوری ہے،جو حکمرانوں کی آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتاہے۔انہوں نے کہاکہ سائبر کرائم کو روکنے کے قوانین کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ جب تک حکومت خود قوانین کی پاسداری نہیں کرے گی، عوام سے اس پر عملدرآمد کی توقع رکھنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر عوام نے وزرا کے ٹویٹس پر پابندی کا مطالبہ کردیا تو حکومت کے پاس کوئی جواز باقی نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ پریس کی آزادی جمہوریت کے لیے ضروری ہے۔انہوں نے صحافیوں اور ان کی تنظیموں سے کہاہے کہ وہ بھی ملکی و قومی مفاد اور اخلاقی اور تہذیبی حدود کا خیال رکھیں، صحافی تنظیموں کو از خود میڈیا کے لیے ضابطہ اخلاق مرتب کرنا چاہیے جس کی پابندی لازمی قرار دی جائے۔ آزادی صحافت کے نام پر اخلاقی حدود کو پامال کرنا ناانصافی ہے۔دستور میں ہر ادارے کے بارے میں حدود کا تعین موجود ہے۔