سکھر (نمائندہ جسارت) پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران اشتہاری، منشیات فروش سمیت 11 سے زائد ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کرلیے۔ پولیس ترجمان کے مطابق سائٹ پولیس نے شہر کے کھوسہ گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتارکر کے کچی شراب کے ڈرم اور شراب بنانے والا سامان برآمد کرلیا، ملزم کے قبضے سے 100 لیٹر کچی شراب، تین مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں سائٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی میں منشیات فروش امتیاز علی کو چرس سمیت گرفتار کرلیا، جو سماجی برائیوں اور منشیات کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ بی سیکشن پولیس نے گٹکا فروش عبدالرحمن کو، تماچانی پولیس نے منشیات فروش غلام سرور چاچڑ، دبر پولیس نے قطب معرفانی کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے ٹی ٹی پستول، میگزین اور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ ملزم قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلوں سمیت دیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں سکھر اور شکارپور پولیس کو مطلوب تھا۔ مزید برآں آباد پولیس حدود سے مطلوب اشتہاری ملزم گہرام شر، نیوپنڈ سے منشیات فروش نجب عرف جھاجو گوپانگ، دعا چوک سے منشیات فروش پرویز بلیدی، بچل شاہ سے مسروقہ لوڈر سمیت ملزم ولید کو گرفتار کرلیا گیا جو ائرپورٹ کی حدود سے چرایا گیا تھا۔