ترک قوم کا پاکستان کے ساتھ گہرا رشتہ ہے، برابری کی بنیادوں پر دو طرفہ تجارت کریینگے، تولگا اوچک
کراچی: ترکی کے قونصل جنرل تولگا اوچک نے کہا ہے کہ صدر طیب ارودگان اگلے ماہ پاکستان کے دورے کے موقع پر بڑا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ترکی پاکستان کے ساتھ برابری کی بنیادوں پر تجارت کرے گا، پاکستان کے ساتھ ترکی کا اٹوٹ رشتہ ہے جو آنے والے وقت کے ساتھ مضبوط تر ہوگا۔ ای کامرس کے تحت پاکستان آنے والے ترکی کی ٹاپ ٹین کمپنیوں کے وفد کے سربراہوں پر مشتمل اعلٰی سطحی وفد کی پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ بی ٹی بی کے سلسلے میں منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل تولگا اوچک نے کہا کہ ترکی برادر اسلامی ملک پاکستان کے ساتھ نا صرف دفاعی تعاون بلکہ ٹیکنالوجی اورکاروبار کے ہر شعبے میں شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ترکی پاکستان کے سی پیک منصوبوں میں بھی گہری دلچسپی رکھتا ہے، ان منصوبوں میں شراکت کے لئے ترکی کی اعلٰی قیادت پاکستان سے رابطے میں ہے۔ تولگا اوچک نے کہا کہ ترکی کا تجارتی حجم 200 ارب ڈالر ہے جبکہ برابری کی بنیادوں پر تجارت سے پاکستان کی برآمدات کر فروغ حاصل ہوگا۔ ترکی کے قونصل جنرلنے کہا کہ ای کامرس کے تحت بی ٹو بی کے ذریعے پاکستان کے ایس ایم ای شعبے کے کاروباری شراکت کے مواقع میسر آئے ہیں۔ ہماری خواہش ہے
پاکستان کا ایس ایم ای شعبہ ترقی کرے اس شعبے کے چھوٹی صنعتوں کے فروغ سے مقامی سطح پر ملازمتوں کے مواقع بڑھیں گے۔ممبر ٹرکش الیکٹرو ٹیکنالوجی (ٹی ای ٹی) ہکان اوزترک نے کہا کہ پاکستان کے دورے کے دوران کراچی اور لاہور کے صنعتکاروں اور چیمبرز کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کاروبار کو بڑھایا جاسکے۔ اس موقع پر ای کامرس کے نائب صدر عمیر نظام نے بتایا کہ ترکی کی سرفہرست 13 کمپنیوں کا 20 رکنی وفد پانچ روزہ دورے کے دوران الیکٹریکل اور الیکٹرانکس کے شعبے میں پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے معاہدے کرے گا۔ وفد کراچی کے بعد لاہور میں بھی مختلف کمپنیوں کے ساتھ بی ٹو بی کرے گا۔