بھارت کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا

39

لاہور(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اور انڈین میڈیا کی جانب سے پلوامہ حملے کے بے بنیاد الزامات لگا کر پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے اور بدنام کرنے کی جو پالیسی اختیار کی ہے وہ بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ ہندوستان پاکستان پر جھوٹے الزامات لگاکر عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بدترین ریاستی مظالم سے ہٹانا چاہتاہے۔ بھارت پاکستان پر حملے کی باتیں کرنا چھوڑ دے ۔ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے،ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے والے دراصل احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ پاکستان کے 22 کروڑ عوام، سیاسی و عسکری قیادت ہر قسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیارکھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی حملے کا فوری جواب دینے کی بات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ بھارت کی جانب سے پاکستانیوں کو 48گھنٹے میں ملک چھوڑنے کی ہدایت سے بھارتی انتہا پسندی کھل کر سامنے آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک انتہا پسند ملک ہے، جس نے ہمیشہ دہشت گردی کو سپورٹ کیا ہے۔ کل بھوشن نیٹ ورک کا پکڑے جانا اس کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہ پلوامہ کی آڑمیں بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے انسانیت سوز مظالم جاری رکھنا چاہتا ہے۔ بھارت 71برسوں سے مقبوضہ وادی میں مظالم کی انتہا کیے ہوئے ہے۔المیہ یہ ہے کہ اقوام متحدہ سمیت انسانیت کے علمبردار ممالک اور نام نہاد این جی اوز خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں۔مغرب کو مسلمانوں کے خلاف اپنے دوہرے معیارات بدلنے ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت بھارت کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے چین سمیت برادر اسلامی اور دوست ممالک کو اعتما د میں لے اور اس کی جارحیت سے پردہ اٹھایا جائے۔ امیر العظیم نے مزید کہا کہ ہندوستان ایک دہشتگرد ریاست ہے جو خطے کے امن کو تہہ وبالا کرنا چاہتاہیجب تک بھارت اپنے گھناؤنے اور اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہیں آجاتا جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔