پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام 24 فروری کو 30 ویں سٹی میراتھن اور ہیلتھ واک کا انعقاد

351

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن مثبت صحت مندانہ سرگرمیوں کے لیے کوشاں رہتی ہے اور ہر سال پی ایم اے کی جانب سے سٹی میراتھن اور ہیلتھ واک کا انعقاد کیا جاتا ہے، ام سال 30 ویں سٹی میراتھن اور ہیلتھ واک 24 فروری 2019ءکو پی ایم ہاوس گارڈن روڈ کراچی سے شروع ہوگی۔ ان خیالات کا اظہارڈاکٹر خلیل مقدم،صدر پی ایم اے کراچی،ڈاکٹر عبدالغفور شورو جنرل سیکریٹری پی ایم اے کراچی، ڈاکٹر نجم فیروز محمودی چیئرمین میراتھن آرگنائزنگ کمیٹی، ڈاکٹر شیر شاہ سید ممبر میراتھن آرگنائزنگ کمیٹی، ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد ممبر میراتھن آرگنائزنگ کمیٹی، ڈاکٹر قاضی محمد واثق ممبر میراتھن آرگنائزنگ کمیٹی اور جوئیل اینڈریو آفیشل چیف جج نے پی ایم ہاوس میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ میراتھن ایک قدیم یونانی روایت ہے، دنیا بھر میں میراتھن میں شائقین کی بڑی تعداد شامل ہوتی ہے، پاکستان میں میراتھن کا سالانہ انعقاد پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی روایت بن چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کراچی سٹی میراتھن (13میل) کا انعقاد کرنے کے ساتھ ساتھ صحت کی فکر کرنے والے لوگوں کے لیے ہیلتھ واک کا بھی انعقاد کرتے ہیں، جسمانی صحت کی اس بڑی سرگرمی میں ہر سال کھلاڑی، خواتین، بچے اور معذور افراد بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال پی ایم اے کی میراتھن آرگنائزنگ کمیٹی 24 فروری 2019ءکو اپنی30 ویں پی ایم اے کراچی سٹی میراتھن اور ہیلتھ واک 2019ءمنعقد کر رہی ہے، یہ میراتھن اور ہیلتھ واک پی ایم اے ہاﺅس گارڈن روڈ کراچی سے صبح8 بجے شروع ہوگی جس میں کھلاڑی، طلبہ، مرد و خواتین، کھیل کی دنیا سے بڑے نام، شوبز سے وابستہ افراد اور خصوصی افراد اس میں شریک ہوں گے۔