طلبہ یونینز کو بلاتاخیر بحال کیا جائے،سید حسن بلال ہاشمی

105

فیصل آباد (وقائع نگارخصوصی ) اسلامی جمعیت طلبہ فیصل آباد کے ڈویژنل ناظم سیدحسن بلال ہاشمی نے کہا ہے کہ طلبہ یونینز کو بلاتاخیر بحال کیا جائے۔ طلبہ سمیت کسی کو بھی اس کے آئینی اور جمہوری حقوق سے محروم کرنا ظلم ہے۔ یونینز کو بحال کر کے لاکھوں طلبہ کو انتخابات کرانے اور اپنی قیادت منتخب کرنے کا حق دیا جائے۔ ضیا مارشل لا کے دوران جن مقاصد کے لیے طلبہ یونینز پر پابندی عائد کی گئی تھی، وہ 35 سال بعد بھی پورے نہیں ہوسکے اور نہ آئندہ پورے ہونے کا کوئی امکان ہے۔ طلبہ یونینز در اصل سیاست کی نرسریاں ہیں۔ نوجوانوں کے حقوق کی دعویدار حکومت کو اب تک طلبہ یونینز بحال کر دینی چاہئیں تھی۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین دہائیوں سے طلبہ یونینز پر پابندی عائد ہے۔ نوجوانوں کے حقوق کی نام لیوا دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی طلبہ کے حقوق کی بحالی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے۔ تحریک پاکستان میں طلبہ نے مرکزی کردار ادا کیا اور قائد اعظم کی قیادت میں سب سے پہلے طلبہ میدان عمل میں نکلے۔ ملکی سیاست میں نظر آنے والے بہت سے رہنما طلبہ یونینز کی پیداوار ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت طلبہ یونینز کی بحالی میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے ان کے انتخابات کروائے تاکہ تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں کا مؤثر طریقے سے آغاز ہوسکے اور طلبہ کو ان کے بنیادی حقوق میسر آسکیں۔