سابق القاعدہ لیڈر اسامہ بن لادن کے صاحبزادے حمزہ بن لادن کی معلومات فراہم کرنے پر امریکہ نے دس لاکھ ڈالر انعام مختص کر دیا ہے۔
امریکی حکام کی جانب سے اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ اسامہ بن لادن کے 30 سالہ صاحبزادے حمزہ بن لادن کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے شخص کو ایک ملین ڈالر انعام میں دیا جائے گا۔ دو سال قبل امریکا کی جانب سے حمزہ بن لادن کو سرکاری طور پر عالمی دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔
امریکی دفتر خارجہ کے مطابق حمزہ بن لادن اسلامی عسکریت پسند گروہ القاعدہ کے اہم رہنما کے طور پر ابھرے ہیں اور انھوں نے رواں سالوں میں اپنے والد کی موت کا بدلہ لینے کے لئے کیا آڈیو اور ویڈیو پیغامات جاری کیے ہیں جس میں انہوں نے امریکہ اور اس کے حامی مغربی ممالک پر حملہ کرنے کی دعوت دی ہے۔
حمزہ بن لادن کے مصدقہ ٹھکانے کے بارے میں امریکہ کے پاس کوئی اطلاعات موجود نہیں ہیں البتہ امریکی حکام کا خیال ہے کہ وہ پاکستان افغانستان بارڈر کے قریب کسی جگہ پر مقیم ہے اور وہ ایران بھی جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ حمزہ بن لادن اسامہ بن لادن کی تیسری اہلیہ خیریہ صابر کے بیٹے ہیں اور وہ اپنے والد کی مشن کی تکمیل اور قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کرچکے ہیں ۔
حمزہ بن لادن کے سوتیلے بھائیوں کا کہنا ہے کہ حمزہ بن لادن القاعدہ میں متحرک ہیں اور ان کے ٹھکانے کے حوالے سے خاندان کو کچھ معلومات نہیں ہیں۔ خاندان کی جانب سے حمزہ بن لادن سے تعلقات بھی منقطع کر دیے گئے ہیں۔