حکمران جماعت عوام کوریلیف دینے میں ناکام ہوگئی، ڈاکٹر طارق سلیم

66

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہاہے کہ سابقہ حکمران جماعتوں کی طرح موجود ہ حکمران جماعت بھی عوام کو ریلیف دینے اور ملک کو بحران سے نکالنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ جو لوگ بڑی امیدوں اور توقعات کے ساتھ پی ٹی آئی کو اقتدار میں لے کر آئے تھے، وہ بھی پریشان ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کی ناکامی کے بعد جماعت اسلامی قوم کے لیے امیدکی کرن ہے، ذمے داران عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اورمسائل کے حل کے لیے اپنا کرداراداکریں ۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے دوروزہ صوبائی لیڈرشپ ٹریننگ ورکشاپ میں افتتاحی خطاب اورتعلیمی ادارے میں منعقدہ تقریب سے افتتا حی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ورکشاپ سے صوبائی جنرل سیکرٹری اقبال خان ، نائب امیرصوبہ ڈاکٹر مبشر احمد صدیقی، معروف اسلامک اسکالر پروفیسر حبیب الرحمن عاصم، مرکزی رہنما شعبہ فہم دین مولانا احسان اللہ، ہیڈ قرآن ایجوکیشن CEF محمد طیب صدیقی، ضیغم مغیرہ، مولانا ندیم قاسمی، قاری امیر عثمان سمیت دیگر ذمہ داران وٹرینرزنے بھی خطاب کیا ۔ ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ جماعت اسلامی کے ذمہ داراورکارکن وزیر،ممبران اسمبلی ومئیرزرہے لیکن کسی پرکرپشن کا کوئی داغ نہیں جبکہ دیگرپارٹیوں میں منتخب عہدیداران کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں ۔انھوں نے کہاکہ قرآن کی انقلابی دعوت کے ذریعے ہی پاکستان کے مسائل پرقابوپایاجاسکتا ہے قرآن سے دوری کے باعث امت مسلمہ ذلت کا شکار ہے ہر گھر کو قرآن کا قلعہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں اور خیرات سے معیشت ٹھیک نہیں ہوتی۔ سودی معیشت ہی تباہی کا اصل سبب ہے لیکن حکمران خود انحصاری کے باعزت راستے پر چلنے اور اپنے عوام پر بھروسہ کرنے کو تیار نہیں۔ حکمران پوری طرح عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ جماعت اسلامی حکومت کو موقع دے رہی ہے کہ وہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرے لیکن حکمران اپنی نااہلی کی وجہ سے پوری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی یکم مارچ سے 31 مارچ تک ملک بھر میں رابطہ عوام مہم چلائے گی تاکہ عوام کو مایوسی اور ناامیدی کے اندھیروں سے نکال کر انہیں اعتماد دیا جائے۔ ہماری جدوجہد کا مرکز و محور پاکستان کو اس کے قیام کے مقصد سے ہم آہنگ کرنا ہے، ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔