خطے میں اقتصادی ترقی کے لیےانڈیا پاکستان کشیدگی کاخاتمہ ضروری ہے ۔ احمد حسن مغل

230

اسلام آباد:اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے بعد انڈیا کی طرف سے پاکستان کے خلاف جارحانہ رویے کی وجہ سے خطے کا امن خطرے میں ہے جس وجہ سے جنوبی ایشیا کا خطہ ترقی کرنے کی بجائے مزید مسائل کا شکار ہو سکتا ہے لہذا انہوں نے انڈیا پر زور دیا کہ وہ خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کے بہتر فروغ کیلئے پاکستان کے ساتھ کشیدگی فوری طور پر ختم کرے اور امن کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے سعودی عرب، ملائشیا اور دیگر ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں لیکن پلوامہ واقعے کے بعد انڈیا کی طرف سے پاکستان کے ساتھ کشیدہ حالات پیدا کرنے سے خطے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہو گی جس سے غربت و بیروزگاری کو مزید فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
احمد حسن مغل نے کہا کہ جنوبی ایشیاء خطے میں علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے بے شمار مواقع پائے جاتے ہیں لہذا انڈیا کو چاہیے کہ وہ خطے میں کشیدہ حالات پیدا کرنے کی بجائے علاقائی اتحاد کو فروغ دینے کیلئے کوششیں تیز کرے تا کہ خطے میں صنعتی وتجارتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے جس سے جنوبی ایشیاء ترقی و خوشحالی کی طرف بڑھے گا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے ممالک ترقی کیلئے علاقائی بلاک کو فروغ دے رہے ہیں تا کہ ان ممالک کی آپس کی تجارت بہتر ہو اور وہ معاشی طور پر مضبوط ہوں ۔ تاہم بعض ممالک کے رویے کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے ممالک کی آپس میں بہتر ہم آہنگی نہیں ہے جس وجہ سے یہ خطہ ابھی تک بہتر ترقی کے ثمرات سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا دانشمندی کا مظاہرہ کرے اور خطے میں کشیدگی پیدا کرنے کی بجائے علاقائی اتحاد کو فروغ دینے کی کوششوں میں بڑھ چڑھ کا حصہ لے تا کہ اس خطے میں کاروباری اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے جس سے خطے سے غربت و افلاس کم ہو گی اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔