بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں یکجا

305
پاکستانی رہنما
پاکستانی رہنما
پاک بھارت کشیدگی پر بھارتی سیاسی رہنماؤں کے برعکس پاکستانی رہنماؤں کا یکساں موقف سامنے آیا ہے جس میں حزب اختلاف اور حزب اقتدار دونوں متحد ہیں۔ پاک فوج کی تازہ کارروائی کے بعد پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور سیاسی رہنما متحد ہو کر پاکستان فوج کے پیچھے کھڑے ہو گئے ہیں۔
صدر مسلم لیگ نون میاں شہباز شریف نے اس صورتحال میں بیان دیا ہے کہ بھارت پاکستان کو اکسا رہا ہے اور پاکستان اپنی سرحدوں کا دفاع کرنا جانتا ہے۔ انہوں نے تقاضا کیا ہے کہ عالمی برادری مودی سرکار کے جنگی جنون کا نوٹس لے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک سرزمین پر بھارت کے ناپاک عزائم ناکام ہوں گے۔ ۔بھارتی جارحیت کا آئندہ بھی سخت جواب دیا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ٹویٹ میں خیالات کا اظہار کیا ہے کہ بھارت کے جنگی جنون کا منہ توڑ جواب قوم کی خواہشات اور توقعات کے عین مطابق ہے۔ پاک فضائیہ نے قابل فخر کارنامہ انجام دیا ہے ۔ قوم کا بچہ بچہ پرعزم اور افواج پاکستان کی پشت پر ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے بھی پاکستانی فوج پر فخر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے جھوٹ کا جواب سب سے دے دیا ہے۔
مسلم لیگ نون کے سینیئر رہنما خواجہ آصف نے فوج کی بروقت کاروائی کو سراہتے ہوئے دعا دی کہ خدا کی مدد ان کے ساتھ ہے۔
وزیر ریلوے اور عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کی پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور اپنے ملک کے دفاع کے لیے جان قربان کرنے کو تیار ہے۔