ریڈفورڈ یونیورسٹی برطانیہ کے وفد کا اسلام آباد چیمبر کا دورہ

257

پاکستان یونیورسٹیوں کو مضبوط بنا کر تیز رفتار ترقی حاصل کر سکتا ہے۔ ڈاکٹر برائن کینٹر

اسلام آباد :اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے برطانیہ کی بریڈفورڈ یونیورسٹی کے اشتراک سے اقتصادی ترقی میں یونیورسٹیوں کے کردار کے موضوع پر ایک پروگرام کا انعقاد کیا جس میں بریڈفورڈ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر برائن کینٹر کی قیادت میں یونیورسٹی کے ایک وفد نے شرکت کی۔ قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر علی احمد کھرل ، زیبسٹ یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی، رفاہ انٹرنیشنل، نسٹ یونیورسٹی ، فاسٹ یونیورسٹی، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اور نومل یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر بریڈفورڈ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر برائن کینٹر نے اقتصادی ترقی میں یونیورسٹیوں کے کردار کے موضوع پر شرکاء کو ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی علم کو فروغ دینے اور اس سے استفاد ہ حاصل کرنے پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں یونیورسٹیاں نالج اکانومی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں تقریبا 40ہزار یونیورسٹیاں ہیں جن میں تقریبا 10کروڑ طلبا تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ان کی مالیت 1.5کھرب ڈالر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی ریسرچ مارکیٹ بھی تقریبا 1.5کھرب ڈالر کی ہے جو 6فیصد سالانہ کے حساب سے ترقی پا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی یونیورسٹیوں کو مضبوط بنا کر تیز رفتار اقتصادی ترقی حاصل کر سکتا ہے کیونکہ یونیورسٹیاں ریسرچ کے ذریعے انڈسٹری کے مسائل کو حل کرنے اور ان کی ترقی میں اہم کردارادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ بریڈفورڈ یونیورسٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بریڈفورڈٹیکنالوجی و بزنس شعبے سمیت دیگر شعبوں میں طلبا 30 کو تعلیم فراہم کر چکی ہے، برطانیہ کے جی ڈی پی میں اس کا حصہ60ارب پاؤنڈہے اور ایک لاکھ بزنسز کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے آپ کو نالج اکانومی میں تبدیل کرنے کیلئے یونیورسٹیوں کو فروغ دینے اور یونیورسٹی انڈسٹری روابط کو مضبوط کرنے کیلئے فریم ورک تشکیل دینے پر غور کرے ۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں یونیورسٹیاں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے میں بہتر کردارا دا کر رہی ہیں کیونکہ کئی یونیورسٹیوں نے ریسرچ، انوویشن اور کمرشلائزیشن کے دفاتر قائم کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر نے انڈسٹری اکیڈیمیا روابط کو فروغ دینے کیلئے کئی مقامی یونیورسٹیوں کے ساتھ معاہدے کر رکھے ہیں اور انڈسٹری کے مسائل کو یونیورسٹیوں کے بھیجا جاتا ہے تا کہ وہ ان کا بہتر حل نکال سکیں جس سے انڈسٹری کی کارکردگی اور پیداوار بہتر ہو۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر علاقے میں صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے ان روابط کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے پچھلے پچاس سالوں سے تعلیم و تحقیق کو فروغ دینے کیلئے بریڈ فورڈ یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ چیمبر بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے ساتھ بہتر روابط قائم کرنا چاہتا ہے تا کہ بریڈفورڈ کی ریسرچ سے مقامی صنعتی شعبہ استفادہ حاصل کر سکے۔
قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر محمد علی، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر علی احمد کھرل، فاؤنڈرگروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک اور مقامی یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے انڈسٹری اکیڈیمیا روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔