ملکی سا لمیت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا،چودھری عمرفاروق

122

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدرچوہدری عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کی طرف سے در اندازی کرنے والے بھارتی طیاروں کو مار گرانے اور قومی و عسکری قیادت کی جانب سے دشمن کو واضح پیغام دینے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ بھارتی پائلٹ واپس کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، بھارت لاتوں کا بھوت ہے باتوں سے نہیں مانے گا۔ انہوں نے کہاکہ قومی قیادت اس حوالے متفق اور متحد ہے کہ ملکی سا لمیت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کی تینوں مسلح افواج ملکی حدود کی حفاظت کے لیے ہر وقت سر بکف ہیں۔ ہمیں اپنی مسلح افواج پر ناز ہے۔انھوں نے کہا کہ دشمن نے ہمیں للکارا تو اس کا نام و نشان صفحہ ہستی سے مٹادیں گے۔ہم دفاع وطن کی خاطر ہر دم تیار ہیں۔ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، اس کے مذموم عزائم کو خاک میں ملاکر پاکستانی پرچم کو سربلند کریں گے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارت کی جارحیت کا نوٹس لے اور اس کا جنگی جنون ختم کرائے۔ بھارتی حکمرانوں کو جارحانہ سوچ کو انہیں کی زبان میں جواب دینا ہوگا۔ پاکستان کے 22کروڑ غیور اور بہادر عوام بھارت کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے اور اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمے دار اور امن پسند ملک ہے۔ ہم نے ہمیشہ امن کی خواہش کا احترام کیا ہے اور امن کی کاوشوں کو پروان چڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرتے چلے آئے ہیں مگر یہ اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتیں جب تک مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور پر امن حل تلاش نہیں کرلیا جاتا ۔ بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستانی عوام کراچی سے چترال تک یک زبان اور متحدہوچکے ہیں۔ بھارت نے در اندازی کرکے دنیا کو اپنا مکروہ چہرہ دکھادیا ہے۔ چودھری عمرفاروق گجرنے مزید کہا کہ70 برسوں سے مذاکرات کا ڈھونگ رچانے والوں کو دیکھتے آرہے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ بھارتی حکمرانوں نے ہمیشہ اپنے مفادات کو ملحوظ خاطر رکھا اور مذاکرات کی آڑ میں دنیا کو گمراہ کیا ہے۔ جب تک اقوام متحدہ اور انسانیت کے علمبردار ممالک کشمیر میں بھارت کی وحشیانہ کاروائیاں اورریاستی دہشت گردی کا نوٹس نہیں لیتے اور کشمیری عوام کو حق خود ارادیت نہیں دلایا جاتا اس وقت تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔